Live Updates

منی لانڈرنگ کا مجرم کہتا ہے میری واپسی پر جلسے کر‘میرااستقبال کرو ۔عمران خان

پاکستان تحریک انصاف کو مسلم لیگ نون پر سبقت حاصل ہے۔کریڈٹ سوئس

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 11 جولائی 2018 16:48

منی لانڈرنگ کا مجرم کہتا ہے میری واپسی پر جلسے کر‘میرااستقبال کرو ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔11جولائی۔2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہاہے کہ منی لانڈرنگ کا مجرم کہتا ہے میری واپسی پر جلسے کرو۔ مغرب میں منی لانڈرنگ کرنے والا لوگوں میں جانے کی جرات تک نہیں کرتا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اسلام آباد میں کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں کسی بھی کمزور طبقے کو بنیادی حقوق نہیں ملتے۔

عمران خان نے کہا کہ ڈھائی کروڑ بچے سکول ہی نہیں جاتے، یہ خطرناک صورتحال ہے۔ 45 فیصد پاکستانی بچوں کو غذائی قلت کی وجہ سے بیماری ہے‘ ظلم ہے 45 فیصد بچوں کی اسٹینڈرڈ گروتھ ہی نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ ریاست کی ذمہ داری ہے غریبوں کو بنیادی حقوق دینا، طاقتور کمزور پر ظلم کرتا ہے تو کمزور کے پاس انصاف کے لیے وسائل ہی نہیں۔

(جاری ہے)

مہذب معاشرے میں بے روزگاروں کو خصوصی فنڈز دیے جاتے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ قانون کی بالا دستی نہیں ہوتی تو ہمیشہ کمزور کو نقصان اٹھانا پڑتا ہے، معاشرے کی نشوونما قانون کی بالا دستی ہے اور ہر طبقے کے لیے انصاف ہے۔انہوں نے کہا کہ مدینہ کی فلاحی ریاست میں سب کے حقوق یکساں تھے۔ مدینہ کی فلاحی ریاست میں تمام مذاہب کے لوگوں کو حقوق ملتے تھے۔ زبردستی لوگوں سے مذہب تبدیل کروانے کی اسلام میں اجازت ہی نہیں۔

عمران خان نے کہا کہ ریمنڈ ڈیوس نے دن دیہاڑے 2 لوگوں کو گولی مار دی۔ مغربی ممالک میں اس قسم کا واقعہ ہوتا تو اسے جیل میں ڈال دیا جاتا‘ پاکستان کا قانون کمزور تھا اسی لیے ریمنڈ ڈیوس باآسانی فرار ہوگیا۔انہوں نے کہا کہ ایک مجرم پکڑا گیا اور وہ کہتا ہے میری واپسی پر جلسے کرو، منی لانڈرنگ کرتے ہوئے پکڑا گیا اب کہتے ہیں میرا استقبال کریں۔

مغرب میں منی لانڈرنگ کرنے والا لوگوں میں جانے کی جرات تک نہیں کرتا۔ وہاں ارب پتی کرپشن پر پکڑا گیا تو اس کا سوشل بائیکاٹ کیا گیا۔کریڈٹ سوئس نے 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات کے حوالے سے تجزیاتی رپورٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کو مسلم لیگ نون پر سبقت حاصل ہے۔انٹرنیشنل مالیاتی کمپنی کریڈٹ سوئس نے پاکستان میں ہونے والے عام انتخابات کے حوالے سے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ کسی بھی سیاسی جماعت کو واضح اکثریت حاصل نہیں، تاہم تحریک انصاف کو مسلم لیگ نون پر سبقت حاصل ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ انتخابات میں تحریک انصاف کوقومی اسمبلی کی 92 سیٹیں جبکہ مسلم لیگ نون کو 73 سیٹیں ملیں گی۔ تحریک انصاف کے کسی دوسری جماعت سے ملکر حکومت بنانے کے امکانات 60 فیصد ہیں۔کریڈٹ سوئس کا کہنا ہے کہ عمران خان قومی اسمبلی میں اکثریت حاصل کرنے کے لئے پیپلز پارٹی کے ساتھ اتحاد کر سکتے ہیں اور ایسا اتحاد ہونے کے امکانات 15 فیصد ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا ہے اسٹاک مارکیٹ الیکشن میں تحریک انصاف کی واضح اکثریت کا خیر مقدم کرے گی، اوراسٹاک مارکیٹ 8 سے 10 فیصد تک بڑھے گی، کریڈٹ سوئس کے مطابق پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر 2 ماہ کی درآمدی ادائیگیوں کے مساوی ہیں۔رپورٹ کے مطابق الیکشن کے بعد نئی حکومت کاآئی ایم ایف پروگرام میں جانے کا قوی امکان ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات