امریکہ اپنے اتحادیوں کی قدر کرے جو زیادہ نہیں رہے، ڈونلڈ ٹسک

امریکہ کے پاس یورپ سے اچھا اتحادی نہ ہے اور نہ ہو گا ،ْصدر یورپین کونسل

بدھ 11 جولائی 2018 17:06

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جولائی2018ء) یورپین کونسل کے صدر ڈونلڈ ٹسک نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ اپنے اتحاد یوں کی قدر کرے جو اب اس کے پاس بہت زیادہ نہیں رہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے امریکی صدر کے نیٹو سمٹ کیلئے برسلز پہنچنے سے قبل اپنی ایک ٹویٹ میں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کے پاس یورپ سے اچھا اتحادی نہ ہے اور نہ ہو گا ۔

(جاری ہے)

ا نہوں نے صدر ٹرمپ کی جانب سے یورپ کو روزانہ کی بنیاد پر تنقید کا نشانہ بنانے کی روش پر اعتراض کرتے ہوئے انہیں یاد دلایا کہ یہ یورپین افواج تھیں جنہوں نے 11 ستمبر کو امریکہ پر ہونے والے حملوں کے بعد اس کے ساتھ ملکر افغانستان میں لڑائی لڑی اور ہلاکتیں برداشت کیں ۔یورپین کونسل کے صدر نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس بیان پرکہ یورپ نیٹو میں اپنے دفاع کیلئے زیادہ رقم مختص کرے، کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ یورپ دفاع پر روس سے زیادہ اور چین کے تقریباً مساوی خرچ کررہا ہے ۔