متحدہ عرب امارات: دُبئی کی آبادی تیس لاکھ سے تجاوز کر گئی

یہاں کی 83 فیصد آبادی تارکینِ وطن پر مشتمل ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 11 جولائی 2018 17:46

متحدہ عرب امارات: دُبئی کی آبادی تیس لاکھ سے تجاوز کر گئی
دُبئی( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11 جُولائی 2018) دُبئی کی آبادی تیس لاکھ سے بڑھ گئی ہے جو متحدہ عرب امارات کی کُل آبادی یعنی نوے لاکھ کا ایک تہائی بنتی ہے۔ دُبئی کے مرکز شماریات کے مطابق 2027ء میں اس ریاست کی آبادی دُگنی ہو کر پچاس لاکھ سے زائد ہو جائے گی۔ دُبئی کی آبادی میں گزشتہ چالیس سالوں کے دوران انتہائی تیزی سے اضافہ ہوا ہے جس کی سب سے بڑی وجہ یہاں دُنیا بھر سے پردیسیوں کا روزگار کی تلاش میں آ کر آباد ہونا ہے۔

دُبئی کا بہترین انفراسٹرکچر نہ صرف یہاں کے رہائشی لوگوں کے لیے بہترین ہے بلکہ متحدہ عرب امارات کی دُوسری ریاستوں میں آباداُن گیارہ لاکھ لوگوں کے لیے بھی سہولت سے بھرپور ہے جو یہاں روزانہ ملازمت کی غرض سے آتے ہیں۔ دُبئی کی ستّر فیصد آبادی مردوں پر مشتمل ہے جبکہ عورتوں کی گنتی محض 30 فیصد کے لگ بھگ ہے۔

(جاری ہے)

ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ مستقبل میں دُگنا ہونے والی آبادی کے پیش نظر شہری علاقوں میں بہت سے مسائل جنم لے سکتے ہیں جن کی نشاندہی کر کے ابھی سے اُن کے حل کے لیے کوششیں شروع کر دی جانی چاہئیں ورنہ یہاں کی معیشت پر منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

2015ء کے اعداد و شمار کے مطابق مقامی افراد کی آبادی بائیس لاکھ جبکہ غیر مُلکیوں کی آبادی بھی بائیس لاکھ ہی تھی۔ 2016ء میں مقامی افراد کی گنتی 23 لاکھ اور غیر مُلکیوں کی آبادی 24 لاکھ نوٹ کی گئی۔ جبکہ 2017ء میں مقامی باشندوں کی تعداد ساڑھے چوبیس لاکھ اور پردیسیوں کی گنتی ستائیس لاکھ سے تجاوز کر گئی۔ یُو اے ای یونیورسٹی کے محقق ڈاکٹر فائز علاسوی کے مطابق 1975ء میں یہاں کی آبادی ایک لاکھ بتیس ہزار تین سو اکہتر نفوس پر مشتمل تھی جو چار عشروں بعد یعنی 2015ء میں 21 لاکھ سے بڑھ گئی تھی۔

یہاں کی آبادی میں سالانہ اضافہ کی شرح 6.5فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔ 1975ء میں دُبئی کا آباد علاقہ54 مربع کلومیٹر پر محیط تھا جو 2015ء میں بڑھ کر 977مربع کلومیٹر پر پھیل چُکا تھا۔ جس سے یہاں ہونے والی حیرت انگیز شہری ترقی کا پتا چلتا ہے۔