ہارون بلور کی شہادت پر تین روزہ سوگ کا اعلان، تین دنوں کے لیے انتخابی مہم معطل

بدھ 11 جولائی 2018 18:38

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جولائی2018ء) عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفندیارولی خان نے ہارون بلور کی شہادت پر تین روزہ سوگ کا اعلان کرتے ہوئے تین دنوں کے لیے انتخابی مہم معطل کا اعلان کیا ہے ۔ ہر داڑھی والے کو طالبان نہیں کہہ سکتے،الیکشن لڑیں گے اور انشاء اللہ جیتیں گے ۔

(جاری ہے)

پشاور میں ہارون بلور کی تعزیت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں اسفندیار ولی خان کا کہنا تھا کہ میرے پاس الفاظ نہیں کہ دکھ بیان کروں، شہید ہارون بلور بیٹوں کی طرح عزیز تھا،پہلے باپ اور پھر بیٹا شہید ہوا،انتہائی دکھ ہوا،ان کا کہنا تھا کہ پرامن طریقے سے تین دن سوگ منائیں گے، تین روزہ سوگ کے بعد معمول کی انتخابی مہم شروع ہوگی،جہاں پارٹی کا جھنڈا ہے وہاں کالا جھنڈا لہرائیگا،اے این پی سربراہ کا کہنا تھا کہ جو بھی کررہا ہے کرتا رہے ہم الیکشن لڑیں گے، ایک پارٹی کو دیوار سے لگایا جارہا ہے،صبر کا پیمانہ لبریز ہونا ملک کے لئے اچھی بات نہیں ہے، انتظامیہ سے پوچھتا ہوں کہ اب بھی شفاف الیکشن ہونگے،ان کا کہنا تھا کہ ہر داڑھی والے کو طالبان نہیں کہہ سکتے،دہشت گرد پیچھے سے وار نہ کریں سیدھے میدان میں آئیں اور مقابلہ کریں،دشمن سامنے آئے تو ہم بھی دیکھ لینگے،کسی بھی صورت میدان نہیں چھوڑیں گے۔