Live Updates

تحریک انصاف پاکستان میں خواتین کو مضبوط کرنے کے لیے اقدامات اٹھائے گی،نصرت واحد ،صائمہ ندیم

بدھ 11 جولائی 2018 19:36

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جولائی2018ء) پاکستان تحریک انصاف ویمن ونگ سندھ کی صدر نصرت واحد، کراچی کی صدر صائمہ ندیم اور لیلیٰ پروین نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نہ صرف کراچی بلکہ تمام پاکستان میں خواتین کو مضبوط کرنے کے لیے اقدامات اٹھائے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے بدھ کو پارٹی سیکرٹریٹ ’’انصاف ہائوس‘‘ کراچی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

پی ٹی آئی کراچی کی صدر صائمہ ندیم نے کہا کہ آج آپ سب کو انصاف ہائوس میں مدعو کرنے کا مقصد اجتماعی طور پر خواتین کی مختلف پارٹیوں سے پی ٹی آئی میں شمولیت ہے۔ اس کے لیے میں حال ہی میں پی ٹی آئی میں شامل ہونے والی لیلیٰ پروین کی بے حد مشکور ہوں جن کی کاوشوں سے یہ خواتین آج ہمارے ساتھ ہیں۔

(جاری ہے)

میں شامل ہونے والی تمام خواتین کو پی ٹی آئی میں خوش آمدید کہتی ہوں ۔

مجھے امید ہے کہ وہ الیکشن کے اس موقعے پر ہمارا بھرپور ساتھ دیں گی اور مزید خواتین کو تحریک انصاف کا حصہ بنائیں گی۔ تحریک انصاف خواتین کو خاص اہمیت دیتی ہے۔ پی ٹی آئی کا خواتین کے متعلق منشور اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نہ صرف کراچی بلکہ تمام پاکستان میں خواتین کو مضبوط کرنے کے لیے اقدامات اٹھائے گی ۔بچیوں کی مفت تعلیم ، تکنیکی تعلیم کا فروغ، پیشہ ور خواتین کے لیے ہر ادارے میں ڈے کیئر سینٹر اور علیحدہ ٹرانسپورٹ کا نظام، ہر ادارے میں خواتین کا الگ کوٹہ سسٹم، میرٹ پر اعلیٰ ترین معیار تک ترقی، جگہ جگہ زچہ و بچہ کلینک اور ہیلتھ کیئر یونٹس، عدلیہ کا فاسٹ ایکشن کا نظام، وراثت میں خواتین کے حصے کی ادائیگی پر قانونی کارروائی، طلاق کے مسائل میں خواتین کے لیے خصوصی لیگل سینٹرز، گھریلو تشدد کے رسپونس یونٹس اور کونسلنگ سینٹرز، کاروکاری اور قبل از وقت شادیوں کی روک تھام شامل ہیں۔

آج جو خواتین پی ٹی آئی میں شامل ہوئی ہیں، ان کا تعلق ایم کیو ایم، فنکشنل لیگ ، اے پی ایم ایل اور پی ایم ایل این سے ہے ۔سلمیٰ صاحبہ سابق نائب صدر فنکشنل لیگ کراچی ، روبینہ اشفاق ، ٹی وی پروڈیوسر بھی ہیں اور فنکشنل لیگ سے تعلق رکھتی ہیں۔ طاہرہ خان ، اے پی ایم ایل کی امیدوار ہیں۔ فوزیہ خان اے پی ایم ایل کراچی کی نائب صدر ہیں۔ سلمیٰ بی بی کا تعلق ایم کیو ایم سے ہے۔

صباحت ایم کیو ایم کے مرکزی سوشل میڈیا سے تعلق رکھتی ہیں۔ زارا ناصر کا تعلق پی ایم ایل این سے ہے۔ یہ سب خواتین آج پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کر رہی ہیں۔ پی ٹی آئی رہنما لیلیٰ پروین نے اپنے خطاب میں کہا کہ لوگ پوچھتے ہیں کہ آپ نے ایم کیو ایم چھوڑ کر پی ٹی آئی کیوں چنی۔ سیاسی پارٹی کوئی مذہب نہیں جسے بدلا نہ جاسکے۔ ہم نے دیکھا کہ بلا تفریق و تعصب ہر قومیت کا فرد پی ٹی آئی میں شامل ہو رہا ہے۔

ہمیں پی ٹی آئی میں تعصب کی بنیاد پر طعنہ نہیں دیاجاتا۔ اس لیے میں نے پی ٹی آئی کو چنا۔ مستقبل میں جب پی ٹی آئی کی حکومت آئے گی تو عمران خان کے تمام وعدے سچ ثابت ہوں گے۔ پی ٹی آئی ویمن ونگ سندھ کی صدر نصرت واحد نے اپنے خطاب میں کہا کہ خواتین کے حقوق پی ٹی آئی کی اوّلین ترجیح ہوں گے۔ پہلے ایک ایسا وقت تھا جب پی ٹی آئی میں گنی چنی خواتین ہوا کرتی تھیں۔

آج پی ٹی آئی میں خواتین کا سونامی آچکا ہے۔ کراچی بلکہ پورے سندھ میں غربت عروج پر ہے۔ لوگ مہنگائی کے ہاتھوں پریشان ہیں۔ ضروریاتِ زندگی کے لیے ترس رہے ہیں۔ خواتین سب سے زیادہ پس رہی ہیں۔ پی ٹی آئی حکومت میں آئی تو ہم خواتین کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔ سندھ میں خواتین کی تعلیم کا فقدان ہے۔ ہم حکومت میں آکر خواتین کی تعلیم کو عام کردیں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات