یکہ توت بم دھماکہ میں شہید ہونیوالے ہارون بلور کی نماز جنازہ کیلئے فول پروف سیکیورٹی انتظامات

بلور ہائوس سے جناز گاہ تک سیکیورٹی کی تین حصار قائم ،راستے کی تمام عمارتوں پر ماہر نشانہ بازتعینات افسران سمیت 500 سے زائد پولیس نفری شامل ،بم ڈسپوزل سکواڈ اور سنیفر ڈاگز کے ذریعے متعین راستوں کا معائنہ کیا گیا

بدھ 11 جولائی 2018 20:25

یکہ توت بم دھماکہ میں شہید ہونیوالے ہارون بلور کی نماز جنازہ کیلئے ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 جولائی2018ء) یکہ توت بم دھماکہ میں شہید ہونے والے ہارون بلور کی نماز جنازہ کیلئے پولیس کی جانب سے فول پروف سیکیورٹی انتظامات ، سیکیورٹی پلان کے مطابق بلور ہائوس سے جناز گاہ تک سیکیورٹی کی تین حصار قائم کیے گئے جس کے مطابق جنازہ کے راستے میں تمام عمارتوں پر ماہر نشانہ بازتعینات کر دئیے گئے ہیں۔

اس کے علاوہ جناز گاہ اور جنازہ کے راستے میں سکیورٹی انتظامات کے لئے خصوصی پولیس فورس ایس سی یو، اے ٹی ایس ، آر آر ایف، ای آر ایس اور سٹی پٹرول فورس کی ٹیمیں بھی تعینات کر دی گئیں ہیں ۔جنازہ کی سکیورٹی کے لئے ایس پیز ، ڈی ایس پیز اور انسپکٹرز سمیت500 سے زائد نفری تعینات کر دی گئی ہے۔بم ڈسپوزل سکواڈ اور سنیفر ڈاگز کے ذریعے جنازہ گاہ اور راستے کو بھی کلیئر کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

جناز گاہ میں داخل ہونے والے تمام دروازوں پر واک تھرو گیٹ نصب کر دئیے گئے ہیں جبکہ آنے جانے والے تمام افراد کی چیکنگ کے لئے پولیس اہلکاروں کو میٹل ڈیٹکٹرزبھی فراہم کر دئیے گئے ہیں۔اس کے علاوہ مشتبہ افراد پر نظر رکھنے کے لئے سفید پارچات میں بھی جوان جناز گاہ میں موجود ہوں گے۔ہارون بلو ر شہید کی جنازہ کی سکیورٹی کے لئے ڈرون کیمروں کے ذریعے فضائی نگرانی بھی کی جائے گی۔کیپیٹل سٹی پولیس نے جنازہ کو فل پروف سکیورٹی مہیا کرنے کے ساتھ ساتھ شہرمیں امن و امان کے قیام کے خاطرتما م تھانوں کو خصوصی موبائل گشت میں اضافہ کرنے کے احکامات جاری کر دئیے ہیں۔