پاکستان اور ترکی ثقافتی ، معاشرتی اور مذہبی مماثلتوں کے ذریعے ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں ،

دونوں ممالک میں تجارتی اور معاشی میدانوں میں باہمی تعاون کو مزید فروغ دے کر تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جانے کی وسیع گنجائش موجود ہے ، تجارت اور سرمایہ کاری کے ذریعے دونوں ملکوں کی بزنس کمیونٹی کو ایک دوسرے کے مزید قریب لانے میں مدد ملے گی ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سینیٹر سلیم مانڈوی والا کا ترکی کے سفیر احسان مصطفی یردکل سے ملاقات میں اظہار خیال

بدھ 11 جولائی 2018 21:03

پاکستان اور ترکی  ثقافتی ، معاشرتی اور مذہبی مماثلتوں کے ذریعے ایک ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جولائی2018ء) ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے پاکستان اور ترکی کے مابین تجارتی حجم کو ناکافی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ملک ثقافتی ، معاشرتی اور مذہبی مماثلتوں کے ذریعے ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں اور تجارتی اور معاشی میدانوں میں باہمی تعاون کو مزید فروغ دے کر تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جانے کی وسیع گنجائش موجود ہے ۔

انہوں نے کہا کہ تجارت اور سرمایہ کاری کے ذریعے دونوں ملکوں کی بزنس کمیونٹی کو ایک دوسرے کے مزید قریب لانے میں مدد ملے گی ۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے ان خیالات کا اظہار ترکی کے سفیر احسان مصطفی یردکل سے پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات کیا۔ انہوں نے کہا کہ ترکی کے صدر رجب طیب اردگان کا یہ ویژن تھا کہ پاکستان کے ساتھ تجارتی و معاشی تعاون کو مزید فروغ دیا جائے اور اب وقت آگیا ہے کہ اس ویژن کو عملی جامہ پہنایا جائے ۔

(جاری ہے)

سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ پاکستان ترکی کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ہماری خواہش ہے کہ ان تعلقات کو مزید وسعت دی جائے ۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے ترکی کے صدر طیب اردگان کو دوبارہ صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکی خطے اور بین الاقوامی امور پر ایک جیسے خیالات رکھتے ہیں ۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے پارلیمانی تعاون کو وفود کے تبادلوں میں تیزی لا کر مزید بڑھانے پر بھی زور دیا ۔

انہوں نے ترکی کی پارلیمنٹ کے سپیکر کو پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی ۔ترکی کے سفیر نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کو بتایا کہ ان کی بطور سفیر پہلی تعیناتی پاکستان میں ہوئی ہے اور وہ دونوں ملکوںکے مابین تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کیلئے اپنا بھر پور کردار ادا کریں گے ۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے ترکی کے سفیر کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور اپنے بھر پور تعاون کو یقین دلایا ۔