بے گناہوں کی جان لینا انتہائی غیر اسلامی فعل ہے،مولانافضل الرحمن

بدھ جولائی 21:14

بے گناہوں کی جان لینا انتہائی غیر اسلامی فعل ہے،مولانافضل الرحمن
ڈی آئی خان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 جولائی2018ء) متحدہ مجلس عمل کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما ہارون بلور کی شہادت کو افسوس ناک‘ قابل مذمت اور ملک دشمن عناصر کی سازش قرار دیتے ہوئے اسے سیکورٹی انتظامات پر بڑا سوالیہ نشان قرار دیا۔ان خیالات کااظہار انہوں نے ڈیرہ اسماعیل خان میں جے یو آئی کے تحصیل جنرل سیکرٹری چوہدری اشفاق ایڈووکیٹ کی جانب سے دیئے گئے استقبالیہ سے خطاب کے دوران کیا ۔

پاکستان مسلم لیگ کے صوبائی نائب صدر راجہ اختر علی‘ ایم ایم اے کے سٹی ون سے صوبائی اسمبلی کے امیدوار ملک مشتاق احمد ڈار،چوہدری اشفاق ایڈووکیٹ ، مولانا قاری اعجاز فاروقی نے بھی خطاب کیا۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ بدامنی، معاشی بدحالی ریاستوں کو تباہی کی جانب لے جاتی ہیں، اسلام امن کا دین ہے، بے گناہوں کی جان لینا انتہائی غیر اسلامی فعل ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایک سازش کے تحت جہاں ملک میں بدامنی کرائی جارہی ہے وہیں ہمارے کلچر کو بھی تباہ کرنے کے لیے یہودی لابی کے ایجنٹ سرگرم ہیں۔ عوام اپنے شاندار مستقبل، صوبہ کی ترقی کے لیے قومی اور صوبائی اسمبلی کاووٹ متحدہ مجلس عمل کے امیدواروں کو دیں۔ا یم ایم اے کو حکومت دیں ملک سے کرپشن ختم ہوجائے گی۔ کسی این آر او،، کسی دہشت گرد تنظیم، کسی آف شور میں ہمارا نام نہیں ہے ۔

انہوں نے کہا کہ حق و باطل کی جنگ ماضی میں تیر تلوار ، توپ بندوق سے لڑی جاتی تھی اور آج ووٹ کی پرچی اسی مقصد کے لئے استعمال ہوتی ہے ۔پوری قوم ایک بار پھر عام انتخابات کے ذریعے پاکستان کے لیئے اپنی قیادت کا چنائو کریں اس لحاظ سے یہ بہت اہم مرحلہ ہے،70 سال سے ملک پر زیادہ تر مذہب بے زار قوتیں برسر اقتدار رہیں نعرہ کلمہ طیبہ کا لگایا اور ملک میں اللہ اور اسکے رسول کی ناراضگی کو دعوت دینے والی پالیسیاں چلائیں اور جب ہم ملک کو اسلامی ملک عدل و انصاف کا ملک بنانے کا کہتے ہیں تو سیاستدانوں کاایک مخصوص طبقہ ہے جو ملک کے اسلامی تشخص کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیاستدانوں سے غلطیاں ہوتی ہیں، تمام مسائل حل بھی نہیں ہوتے مگر ووٹ ڈالتے وقت یہ معیار نہیں ہونا چاہیئے بلکہ دین اور اسلام کی سربلندی کو مدنظر رکھنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے آج کے مسائل کا بھی مجھے ادراک ہے ، ہم نے آپ کی آنے والی نسلوں کے مستقبل کو تابناک بنانے کے لئے بھی حکمت عملی پر کام کیا۔ سی پیک روٹ کو ڈیرہ سے گزارنے کی جنگ مجھے علم ہے میں نے کیسی لڑی، آنے والے دور میں انشا اللہ ترقی کا یہ سفر جاری رہے گا۔

قبل ازیں چوہدری اشفاق ایڈووکیٹ نے کہاکہ جمعیت علماء اسلام نے ہمیشہ اسلام کی سربلندی کی جنگ لڑی ہے ۔بعض قوتیں ملک میں فحاشی کوفروغ دے رہی ہیں ۔الیکشن2018میں جے یوآئی اورایم ایم اے کے امیدوارڈیرہ اسماعیل خان سمیت ملک بھر سے کامیابی حاصل کریں گے ۔