یکہ توت پشاور بم دھماکہ کی شدید الفاظ میں مذمت، آفتاب احمد خان شیرپائو

ہارون بلور اور ان سمیت قیمتی جانوں کا ضیاع ایک بہت بڑا المیہ ہے ، حکومت دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے موثر حکمت عملی اپنائے،چیئرمین قومی وطن پارٹی

بدھ 11 جولائی 2018 21:23

یکہ توت پشاور بم دھماکہ کی شدید الفاظ میں مذمت،  آفتاب احمد خان شیرپائو
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 جولائی2018ء) قومی وطن پارٹی کے مرکزی چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپائو نے یکہ توت پشاور بم دھماکہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی نے پورے ملک باالخصوص خیبر پختونخوا اور صوبے میں ضم ہونے والے قبائلی علاقوں کے عوام کی جان و مال کو شدید نقصان پہنچایا ہے، دہشت گردی کے واقع میں جاں بحق ہونے والے اے این پی کے صوبائی انفارمیشن سیکرٹری ہارون بلور اور ان سمیت قیمتی جانوں کا ضیاع ایک بہت بڑا المیہ ہے جس کی جتنی بھی مزمت کی جائے کم ہے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے خواجہ وس شبقدر میں انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔آفتاب شیرپائو نے کہا کہ دہشت گردی کے واقعات نے خیبر پختونخوا کے عوام کی زندگیوں میں بے یقینی کی کیفیت پیدا کی ہوئی ہے ،حکومت کو چاہیے کہ اس ناسور سے نمٹنے کیلئے بروقت اور موثر حکمت عملی اپنائے۔

(جاری ہے)

افسوس ناک واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ہارون بلور کی شہادت سے صوبہ کے عوام ایک مخلص سیاستدان سے محروم ہو گئے ،جاں بحق اور زخمی ہونیوالے افرادکے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے جان بحق ہونے والوں کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔

انھوں نے حالیہ پیش آنے والے دہشت گردی کے واقعات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ سیاسی جماعتوں کے امیدواروں کو تحفظ فراہم کرے تاکہ وہ صحیح معنوں میں اور موثر طور پر اپنا پروگرام عوام کے سامنے پیش کر سکے، پر امن ماحول ہی آنے والے انتخابات کو شفاف اور پائیدار بنانے کیلئے ضروری ہے،پختونوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے تحاشہ جانی اور مالی قربانیاں دی ہیں لیکن افسوس کی بات ہے کہ مرکزی سطح ان کی قربانیوں کو نظر انداز کیا گیا جس سے ان میں پائی جانے والی احساس محرومی کو مزید تقویت ملی ۔

انھوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی پختونوں کی محرومیاں دور کرنے اور ان کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔انھوں نے کہا کہ پختونوں کو موجودہ وقت میں ایک دانشمند اور دوراندیش قیادت کی ضرورت ہے جو ان کو موجودہ مسائل سے نکال سکے۔انھوں نے ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا کہ قومی وطن پارٹی ہر محاذ پر پختونوں کے تحفظ اور ان کے حقوق کے حصول کیلئے ہر پلیٹ فارم پر آواز بلند کرتی رہے گی اور ہر کٹھن حالات میں ان کے شانہ بشانہ رہے گی۔

انھوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی آنے والے انتخابات میں پختونوں کے نمائندہ جماعت کے طور پر ابھرے گی جو پہلے کی طرح ان کی فلاح و بہبود اور خوشحالی کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔جلسہ سے قومی وطن پارٹی کے امیدوار برائے پی کے 60بابر علی خان مہمند اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔