قومی وسائل کی منصفانہ تقسیم ، پانی کی قلت اور سستی بجلی کی فراہمی کے لیے ڈیم تعمیر کریں گے ‘ لیاقت بلوچ

انتخابی مہم میں تشدد ، دہشتگردی اور باہم شدت جذبات کا بڑھتا رجحان خطرناک ہے ‘سیکرٹری جنرل متحدہ مجلس عمل

بدھ 11 جولائی 2018 21:37

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جولائی2018ء) متحدہ مجلس عمل اور جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل اور این اے 130 لاہور سے امیدوار قومی اسمبلی لیاقت بلوچ نے پشاور میں ہارون بلور اور چودہ سیاسی کارکنوں کی شہادتوں پر دکھ ، صدمہ اور شدید احتجاج کیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بلور خاندان کی قربانیاں سیاسی تاریخ کا حصہ ہیں ۔ انتخابی مہم میں تشدد ، دہشتگردی اور باہم شدت جذبات کا بڑھتا رجحان خطرناک ہے ۔

سیکورٹی ادارے اور الیکشن کمیشن ضابطہ اخلاق اور سیاسی اخلاقیات کی خلاف ورزی پر سخت ترین اقدامات کرے ۔ جمہوری اور سیاسی عمل کو ذاتیات اور سیاسی دشمنیوں کا شاخسانہ نہ بنایا جائے ۔لیاقت بلوچ نے اچھرہ ، شاہ کمال ، کرنال پورہ ، مسلم ٹائون میں کارنر میٹنگز اور غازی روڈ پر انتخابی دفتر کے افتتاح کے موقع پر سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سیاسی انتشار ، کرپٹ سیاسی دھڑوں ، نااہل اور کرپٹ ناکارہ سیاسی مافیا سے نجات کا وقت آگیاہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ عوام دینی جماعتوں کے اتحاد متحدہ مجلس عمل کا ساتھ دیں ، انشاء اللہ ملک و ملت بحرانوں سے نکل آئیں گے ۔ عوام کے مسائل کا حل نظام مصطفیؐ اور اسلام کے دائمی احکامات میں ہی ہے۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ متحدہ مجلس عمل نظام مصطفیٰؐ کا قیام ، آئین اور قانون کی بالادستی ، خواتین ، نوجوانوں اور اقلیتوں کے لیے باعزت سازگار نظام دے گی ۔

قومی وسائل کی منصفانہ تقسیم ، پانی کی قلت اور سستی بجلی کی فراہمی کے لیے ڈیم تعمیر کریں گے ۔ محب وطن عوام کے ہر طبقہ پر اعتماد کر کے ملک میں خود انحصاری لائیں گے ۔ قرضوں اور سود کی لعنت سے نجات دلائیں گے ۔کارنر میٹنگز سے احمد سلمان بلوچ ، مولانا احرار ، عبدالودودقاضی ، عبدالرحمن بلوچ ، عاصم مخدوم اور احمد رضا بٹ نے بھی خطاب کیا ۔ علاقہ کے علماء ، معززین اور سماجی شخصیات نے لیاقت بلوچ کی حمایت کا اعلان کیا اور مطالبہ کیاکہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے عدالتی فیصلے میں قانون ختم نبوت پر کاری وار کے ملزمان کے خلاف سخت کاروائی کی جائے ۔ عدالتی فیصلوں پر عملدرآمد میں پسند اور ناپسند کا دروازہ بند کیا جائے ۔