قومی وطن پارٹی کے مرکزی چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپائو کی یکہ توت واقعہ کی شدید مذمت

بدھ 11 جولائی 2018 21:43

قومی وطن پارٹی کے مرکزی چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپائو کی یکہ توت ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 جولائی2018ء) قومی وطن پارٹی کے مرکزی چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپائو نے یکہ توت پشاور بم دھماکہ کی شدید الفاظ میں مزمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی نے پورے ملک باالخصوص خیبر پختونخوا اور خیبر پختونخوا میں ضم ہونے والے قبائلی علاقوں کے عوام کی جان و مال کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔انھوں نے کہا کہ دہشت گردی کے واقعہ میں جاں بحق ہونے والے اے این پی کے صوبائی انفارمیشن سیکرٹری ہارون بلور اور ان سمیت قیمتی جانوں کا ضیاع ایک بہت بڑا المیہ ہے جس کی جتنی بھی مزمت کی جائے کم ہے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے خواجہ وس شبقدر میں انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔آفتاب شیرپائو نے کہا کہ دہشت گردی کے واقعات نے خیبر پختونخوا کے عوام کی زندگیوں میں بے یقینی کی کیفیت پیدا کی ہوئی ہے اور حکومت کو چاہیے کہ اس ناسور سے نمٹنے کیلئے بروقت اور موثر حکمت عملی اپنائے۔

(جاری ہے)

افسوس ناک واقعہ کی مزمت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ہارون بلور کی شہادت سے صوبہ کے عوام ایک مخلص سیاستدان سے محروم ہو گئے انھوں نے جاں بحق اور زخمی ہونے والے افرادکے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے جان بحق ہونے والوں کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔

انھوں نے حالیہ پیش آنے والے دہشت گردی کے واقعات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ سیاسی جماعتوں کے امیدواروں کو تحفظ فراہم کرے تاکہ وہ صحیح معنوں میں اور موثر طور پر اپنا پروگرام عوام کے سامنے پیش کر سکے۔انھوں نے کہا کہ پر امن ماحول ہی آنے والے انتخابات کو شفاف اور پائیدار بنانے کیلئے ضروری ہے۔انھوں نے کہا کہ پختونوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے تحاشہ جانی اور مالی قربانیاں دی ہیں لیکن افسوس کی بات ہے کہ مرکزی سطح ان کی قربانیوں کو نظر انداز کیا گیا جس سے ان میں پائی جانے والی احساس محرومی کو مزید تقویت ملی ۔

انھوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی پختونوں کی محرومیاں دور کرنے اور ان کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔انھوں نے کہا کہ پختونوں کو موجودہ وقت میں ایک دانشمند اور دوراندیش قیادت کی ضرورت ہے جو ان کو موجودہ مسائل سے نکال سکے۔انھوں نے ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا کہ قومی وطن پارٹی ہر محاذ پر پختونوں کے تحفظ اور ان کے حقوق کے حصول کیلئے ہر پلیٹ فارم پر آواز بلند کرتی رہے گی اور ہر کھٹن حالات میں ان کے شانہ بشانہ رہے گی۔

انھوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی آنے والے انتخابات میں پختونوں کے نمائندہ جماعت کے طور پر ابھرے گی جو پہلے کی طرح ان کی فلاح و بہبود اور خوشحالی کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔جلسہ سے قومی وطن پارٹی کے امیدوار برائے PK-60بابر علی خان مہمند اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔