قائد پاکستان میاں محمد نواز شریف کا پاکستان کی عوا م والہانہ استقبال کریں گے‘سردار فاروق احمد طاہر

جولائی کو (ن)لیگ کے کارکنان نواز شریف کا عظیم الشان استقبال کرکے ثابت کریں گے پاکستان کی عوام کے دلوں میں نواز شریف کی محبت کو کم نہیں کیا جاسکتا ‘ڈپٹی سپیکر قانون ساز اسمبلی

بدھ 11 جولائی 2018 21:56

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جولائی2018ء) ڈپٹی سپیکر قانون سازاسمبلی آزاد جموںوکشمیر سردار فاروق احمد طاہر نے کہا ہے کہ قائد پاکستان میاں محمد نواز شریف کا پاکستان کی عوا م والہانہ استقبال کریں گے ۔13جولائی کو پاکستان مسلم لیگ (ن)کے کارکنان اُن کا عظیم الشان استقبال کرکے ثابت کریں گے کہ پاکستان کی عوام کے دلوں میں نواز شریف کی محبت کو کم نہیں کیا جاسکتا ۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک ناز ک دور سے گزر رہا ہے اور سب کو اتحاد و اتفاق مظاہر ہ کر نا چاہیے ۔میاں محمد نواز شریف نے ملک کو اندھیروں سے نکالا۔ جہاں 20گھنٹوں سے زائد لوڈ شیڈنگ سے پورا پاکستان اندھیروں میں ڈوبا ہوا تھا اور آج پاکستان کی عوام نے سکھ کا سانس لیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ میاں محمد نواز شریف کی بدولت ہی سی پیک اورملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوا ہے ۔

(جاری ہے)

نواز شریف جلاوطن ہوں جیل میں ہوں یا پھر نااہل کر دیا جائے کسی بھی طرح پاکستان عوام کے دل سے ان کی محبت کو نکالا نہیں جا سکتا ۔میاں محمد نواز شریف سے محبت ہی ہے تو آج پاکستان کا ہر بچہ بوڑھا جوان مرد و عورت نواز شریف کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔سردار فاروق احمد طاہر نے کہا کہ عجیب منطق ہے کہ جس شخص نے ملک میں ترقی کا جال بچھایا دیا ، روڈز ، روزگار ، آزادکشمیر کے بجٹ کو دوگنا کرنا اور مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اُجاگر کرنا اُن کا عظیم کارنامہ ہے ۔

یہ وہی نوازشریف ہے جس نے امریکہ کی اتنی بڑی آفر اور دھمکی ٹھکرا کر پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا ۔کراچی جہاں دن رات موت کے سائے رقص کر تے تھے امن قائم کیا ۔ قبضہ مافیا ، پرچی مافیا کے خاتمے کے بعد اس وقت کراچی کے عوام نے سکھ کا سانس لیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ عجیب معاملہ ہے کہ پانامہ سے شروع ہوتے ہوئے اقامہ تک پہنچایا اور ان کو نااہل کیا اوربعدمیں احتساب عدالت نے خود تسلیم کیا کہ کرپشن ثابت نہیں ہوئی لہذا احتساب عدالت کے آرڈیننس کے تحت سزا دی جارہی ہے ۔

ایک ایسا شخص جس کے آبائو اجداد پاکستان بننے سے قبل فیکٹریوں کے مالک تھے اُن کو کرپشن کے الزامات کے پھنسا کر ملک میں افرا تفری پھیلائی جار ہی ہے ۔سردار فارو ق احمد طاہر نے کہا کہ 25جولائی کا دن پاکستان کی تاریخ کااہم ترین دن ہو گا ۔ لوگ شیر کے انتخابی نشان پر مہر لگا کر مسلم لیگ(ن)کو بھاری اکثریت سے کامیاب کریں گے۔نواز شریف نے عوام کی سپرمیسی کی بات کی جس کی سزا وہ بھگت رہے ہیں ۔ ہم میاں محمد نواز شریف کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔انہوں نے غلام احمد بلور کے بیٹے پر خود کش حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور لواحقین کیلئے صبر و جمیل کی دعا کی ہے ۔ سردار فاروق احمد طاہر نے 13جولائی کو کارکنان مسلم لیگ کو پر امن رہنے کی اپیل کی ہے ۔