نگران وزیراعلیٰ پنجاب سے آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کے سیکرٹری جنرل سرمد علی کی قیادت میں وفدکی ملاقات

سانحہ پشاور کے شہداء کیلئے فاتحہ خوانی ، زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا،بم دھماکے کی شدید مذمت الیکشن کے انعقاد کے بارے میں شکوک و شبہات غیرضروری اوربے بنیاد ہے ،ڈاکٹر حسن عسکری الیکشن سے متعلقہ اموراوردیگر معاملات سیاسی جماعتوں کی مشاورت اورافہام وتفہیم سے طے کریںگے،اشتہارات کی تقسیم میں میرٹ اورشفافیت کو ملحوظ خاطررکھاجائیگا،اشتہارات کی واجب الا دارقوم کی ادائیگی جلد ممکن بنائینگے، نگران وزیر اعلی کی گفتگو پنجاب کا محکمہ تعلقات عامہ سب سے منظم ادارہ ہے،پہلی خاتون ڈی جی پی آر کے تقرر کا اعزاز بھی پنجاب کو حاصل ہواہے،سیکرٹری اے پی این ایس سرمدعلی

بدھ 11 جولائی 2018 22:11

نگران وزیراعلیٰ پنجاب سے آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کے سیکرٹری ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 جولائی2018ء) نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری سے بدھ کو آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کے سیکرٹری جنرل سرمد علی کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی،جس میںسانحہ پشاور کے شہداء کے لئے فاتحہ خوانی ،بم دھماکے کی شدید مذمت کی اورسانحہ پشاور میں زخمی افراد کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی خدشات کے پیش نظرممکنہ حد تک بہترین حفاظتی اقدامات کررہے ہیں۔

الیکشن کے انعقاد کے بار ے میں شکوک و شبہات غیر ضروری اور بے بنیاد ہیں اورالیکشن سے متعلقہ اموراوردیگر معاملات سیاسی جماعتوں کی مشاورت اورافہام وتفہیم سے طے کریںگے۔نگران حکومت کو الیکشن ،سکیورٹی اورروزمرہ امور کے سہ رخی چیلنج کا سامنا ہے ۔

(جاری ہے)

ضلعی انتظامیہ مقامی سطح پر الیکشن امور اورانتظامات کے بارے میں ذمہ دار ہیں۔ نگران حکومت اپنے عمل سے غیر جانبداری ثابت کرے گی۔

ڈاکٹرحسن عسکری نے کہا کہ نگران حکومت انتخابات کے دوران امن و امان کے قیام کویقینی بنانے کیلئے کوشاں ہیں ۔دہشت گردی کے خاتمے کیلئے سب کو مل جل کر اپنا کردارادا کرنا ہوگا۔عوام کو الیکشن میں پرامن ماحول اورسیاسی جماعتوں کو مساوی مواقع فراہم کریںگے۔انہوںنے کہا کہ نگران حکومت قطعاًغیر سیاسی اورغیر جانبدار ہے اوررہے گی،محدود مینڈ یٹ اورمدت میں الیکشن کمیشن کے فریم ورک میں کام کررہے ہیں ۔

میڈیاالیکشن کے دوران عوام میں شعور آگاہی کا قومی فریضہ نبھائے۔نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ اخبارات کے مسائل سے بے خبر نہیں،میڈیا ورکروں سے ہمدردی رکھتے ہیں ۔اشتہارات کی تقسیم میں میرٹ اورشفافیت کو ملحوظ خاطررکھاجائے گا۔اشتہارات کی واجب الا دارقوم کی ادائیگی جلد ممکن بنائیںگے۔ سیکرٹری اے پی این ایس سرمد علی نے کہا کہ پنجاب کا محکمہ تعلقات عامہ سب سے زیادہ منظم اوربہتر ادارہ ہے ۔

پنجاب کو پہلی خاتون ڈی جی پی آرکے تقرر کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ملاقات میںآل پاکستان نیوز پیپر ز سوسائٹی کے عہدیداروں اورپنجاب کمیٹی کے ارکان نے شرکت کی۔نگران وزیراعلیٰ ڈاکٹر حسن عسکری نے صحافیوں کے سوالوں کے جوابات بھی دیئے۔اس موقع پر نگران صوبائی وزیر اطلاعات احمد وقاص ریاض،سیکرٹری اطلاعات بلال احمد بٹ،ڈی جی پی آرنبیلہ غضنفر اور متعلقہ حکام بھی موجود تھے ۔