ْچیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے ہارون بلور پر حملے کی رپورٹ وزارت داخلہ سے طلب کر لی

باہمی مشاورت سے ایک خصوصی کمیٹی کا قیام عمل میں لایا جائے گا، وزارت داخلہ اور نیکٹا خصوصی کمیٹی کو الیکشن کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت پر آگاہ رکھیں گے،یہ ایوان جمہوریت کیلئے بلور خاندان کی خدمات کی بھر پور قدر کرتا ہے،چیئرمین سینیٹ چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز، وزارت داخلہ کو صوبوں میں امیدواروں کے تحفظ کیلئے اقدامات کرنے کی ہدایت

بدھ 11 جولائی 2018 22:31

ْچیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے ہارون بلور پر حملے کی رپورٹ وزارت ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 جولائی2018ء) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے ہارون بلور پر حملے پر وزارت داخلہ سے رپورٹ طلب کر لی ،چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ باہمی مشاورت سے ایک خصوصی کمیٹی کا قیام عمل میں لایا جائے گا اور وزارت داخلہ اور نیکٹا خصوصی کمیٹی کو الیکشن کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت پر آگاہ رکھیں گے،یہ ایوان جمہوریت کیلئے بلور خاندان کی خدمات کی بھر پور قدر کرتا ہے۔

بدھ کو چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے سینیٹ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایوان جمہوریت کیلئے بلور خاندان کی خدمات کی بھر پور قدر کرتا ہے ویسے تو ایوان کے رکن کی وفات کے پیش نظر ایوان بغیر کسی رسمی کارروائی کے ملتوی کر دیا جاتا ہے لیکن ہارون بلور اور بلور خاندان کے باقی شہدا کی عظیم قربانیوں کے پیش نظر آج اجلاس بغیر کسی رسمی کارروائی کے ملتوی کیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے ہارون بلور پر حملے پر وزارت داخلہ سے رپورٹ طلب کر لی اور چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز اور وزارت داخلہ کو ہدایات دیں کہ وہ صوبوں میں امیدواروں کے تحفظ کیلئے کیے گئے اقدامات پر تفصیلی رپورٹ دیں۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ باہمی مشاورت سے ایک خصوصی کمیٹی کا قیام عمل میں لایا جائے گا اور وزارت داخلہ اور نیکٹا خصوصی کمیٹی کو الیکشن کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت پر آگاہ رکھیں گے۔

چیئرمین سینیٹ نے معمول کی کارروائی کو معطل کر کے ہارون بلور اور دیگر شہدا کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور اس دہشت گرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ہم دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پر عزم ہیں۔ تعزیتی ریفرنس کے بعد اجلاس کل بروز جمعرات صبح گیارہ بجے تک ملتوی کر دیاگیا۔