سجاول ضلع میں انتخابی سرگرمیوں کے سلسلے میں تاحال سرگرمی نہ آسکی

ضلع میں دو سیاسی حریفوں پیپلز پارٹی اور شیرازی برادران کے یکجاہونے کے بعد الیکشن کو یکطرفہ قرار دیا جانے لگا

بدھ 11 جولائی 2018 23:16

سجاول (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جولائی2018ء) سجاول ضلع میں انتخابی سرگرمیوں کے سلسلے میں تاحال سرگرمی نہ آسکی۔ ضلع میں ایک قومی اور دو صوبائی اسمبلی کی سیٹوں پر پیپلز پارٹی اور متحدہ مجلس عمل کے امیدوار آمنے سامنے ہیں جبکہ ان کے علاوہ پیپلز پارٹی کے ناراض رہنما ایم پی اے رئیس شاہی خان لغاری نے بھی آزاد امیدواروں کاایک انتخابی پینل بنالیاہے جو ایک نشان پر انتخاب لڑے گا۔

ضلع میں دو سیاسی حریفوں کے یکجاہونے کے بعد الیکشن کو یکطرفہ قرار دیاجارہاہے۔ شیرازی گروپ کے پی پی میں شامل ہونے کے بعد ان کوپی پی کے ٹکٹ جاری کئے گئے ہیں جس پر پی پی کے ناراض رھنماشاہی خان نے اپنے امیدوار کھڑے کردیئے ہیں۔ ضلع کی این اے 231 سجاول پر پی پی امیدوار ایاز شیرازی ہیں جبکہ ان کے مقابلے میں ایم ایم اے امیدوار مولانامحمد صالح الحداد ہیں۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ پی ٹی آئی گلالئی کی عائشہ گلالائی بھی یہاں سے الیکشن لڑیں گے جبکہ شاہی خان گروپ کے آفتاب لغاری ، سید ممتاز علی شاہ ، اور عبدالرحمان ملاح الیکشن لڑیں گے۔ سجاول کی صوبائی سیٹ پی ایس 75 پر پی پی کے امیدوار شاہ حسین شیرازی اور ایم ایم اے کے امیدوار مولانامحمد اسماعیل میمن ہیں۔ ان کے علاوہ شاہی خان گروپ کے نجف لغاری اور آزاد امیدوار نظیرسومرو الیکشن لڑیں گے۔

پی ٹی آئی کے امیدوار نے پی پی امیدوار کے حق میں دستبردار ہونے کا اعلان کیاہے۔ سجاول کی صوبائی سیٹ پی ایس 76 پر پی پی امیدوار محمد علی ملکانی ، ان کے سامنے ایم ایم اے کی خاتون امیدوار خدیجہ الطاف احمد کے علاوہ غلام محمد نعیمی تحریک لبیک پاکستان ، پی ٹی آئی کے شعیب احمد میمن، اور جی ڈی اے کے عبدالحق بھی امیدوار ہیں ، ان کے ساتھ شاہی خان گروپ کے غلام سرور کھٹی ، اور نصیرمیربحربھی الیکشن لڑرہے ہیں۔

تینوں حلقوں میں دیگر کورننگ امیدوار بھی ہیں جو خاموش ہیں۔ علاقے میں ایم ایم اے اور آزاد امیدواروں کی جانب سے الیکشن مہم کا آغاز کردیاگیاہے اور مختلف دیہات اور گوٹھوں میں دورے جاری ہیں ، تاہم سیاسی طورپر دو مخالف گروہوں پیپلز پارٹی اور شیرازی گروپ کے یکجاہونے پر پی پی نے الیکشن کو یکطرفہ قرار دیکر کلین سوئیپ کرنے کا دعوی کیاہے ۔