25 جولائی کے بعد ایم ایم اے کے بغیر کوئی سیاسی پارٹی حکومت سازی نہیں کر سکے گی،ضلعی صدر متحدہ مجلس عمل

جمعرات 12 جولائی 2018 00:30

گوجرانوالہ۔11 جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جولائی2018ء) ضلعی صدر متحدہ مجلس عمل مظہر اقبال رندھاوا ،امیدوار قومی اسمبلی این اے 82 فرقان عزیز بٹ نے کہا ہے کہ دینی قوتوں کے اتحاد کی برکت سے ملکی فضابدلے گی ۔متحدہ مجلس عمل اللہ رب العزت کے حکم سے ملک بھر میں ہر صوبے سے بڑی تعداد میں کامیابیاں حاصل کرے گی اور 25 جولائی کے بعد ایم ایم اے کے بغیر کوئی سیاسی پارٹی حکومت سازی نہیں کر سکے گی۔

ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز انہوں نے باغبانپورہ میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر امیدوار صوبائی اسمبلی پی پی 57 حاجی مشتاق ابراہیم انصاری ودیگر نے بھی خطاب کیا کارنر میٹنگ کے دوران باغبانپورہ سے تعلق رکھنے والے مختلف برادریوں کے رہنماء نے این اے 82 فرقان عزیز بٹ اور پی پی 57 سے حاجی مشتاق ابراہیم کی مکمل حمایت کا اعلان کیا مظہر اقبال رندھاوا نے کہاکہ جماعت اسلامی ہر دور میں ملکی مشکلات میں قوم کے ساتھ کھڑی رہی ہے اور ہمیشہ کھڑی رہے گی ، ہم اسلامی نظام کے نفاذ کے لیے عوام کے ووٹ کی طاقت سے اقتدار کے ایوانوں میں پہنچنا چاہتے ہیں ۔

(جاری ہے)

متحدہ مجلس عمل کا دور آئے گا تو غریب خوشحال ہو گا تعلیم ، صحت اور انصاف عام ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں ملکی حالات کا تقاضہ ہے کہ قوم کرپٹ ، کرپشن کوفروغ دینے والے سیاستدانوں اور اسلام مخالف قوتوں کے مقابلے میں ایم ایم اے کے ایماندار اور ملکی مسائل کے حل کی صلاحت رکھنے والے امیدواران کواپنا قیمتی ووٹ ان کے سپرد کریں ۔ ہم قوم کو یقین دلاتے ہیں ان کی امانتوں کی حفاظت کا حق ادا کریں گے ۔