جامعہ محمدیہ اہلحدیث کے امیر عصمت اور اراکین مجلس عاملہ کی جانب سے پشاور میں اے این پی کے کارکنوں پر خودکش حملے کی شدید مذمت

جمعرات 12 جولائی 2018 00:30

گوجرانوالہ۔11 جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جولائی2018ء) جامعہ محمدیہ اہلحدیث گوجرانوالہ کے امیر عصمت الله پہلوان میاں عبدالرشید ‘محمد جمیل میر ‘شیخ عزیز یوسف ‘شیخ شکیل احمد اور دیگر اراکین مجلس عاملہ نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں پشاور میں اے این پی کی کارنر میٹنگ میں ہونیوالے خود کش حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور این اے 31 کے امیدوار ہارون بلور اور ان کے چودہ ساتھیوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شفاف اور محفوظ الیکشن کروانے کے نگران حکومت کے دعوئوں کی قلعی کھل گئی ہے اور پشاور کا یہ خوفناک واقعہ ایک لمحہ فکریہ ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اے این پی کی قیادت پر ہونیوالا یہ خوفناک حملہ اس کی غمازی کرتا ہے کہ اے این پی کو الیکشن سے دور رکھا جائے اور خیبر پختونخواہ میں اپنی مرضی کی حکومت بنائی جائے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ الیکشن میں آزادانہ طور پر حصہ لینا ہر سیاسی پارٹی کے امیدوار کا حق ہے جسے تحفظ فراہم کرنا حکومتی اداروں کی ذمہ داری ہے ۔ جس میں وہ ناکام رہے ہیں اگر ایسے ہی حالات رہے تو 25 جولائی کو ہونیوالے عام انتخابات پر ایک سوالیہ نشان ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ گذشتہ 2013 ء کے عام انتخابات میں بھی اے این پی کو شدید دہشت گردی کا سامنا کرنا پڑا جس کی وجہ سے پشاور کی یہ مقبول پارٹی اچھے نتائج حاصل نہ کر سکی اور اب دوبارہ اس کیساتھ گھنائونا کھیل کھیلا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سیاست میں تشدد کو ہوا دینے والے ملک کی سلامتی اور خوشحالی کے دشمن ہیں ۔ پوری قوم کو مل کر ان کے عزائم ناکام بنانا ہونگے ۔ تاکہ ملک امن کا گہوارہ بن سکے ۔