کرپشن بیروزگاری کا خاتمہ ہماری پارٹی کا منشور ہے ۔نسیم صادق

جمعرات 12 جولائی 2018 00:30

گوجرانوالہ۔11 جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جولائی2018ء) مرکزی چیئرمین عام لوگ پارٹی و امیدوار این اے 81 نسیم صادق نے کہا ہے کہ کرپشن بیروزگاری کا خاتمہ ہماری پارٹی کا منشور ہے ‘عوام کو بحرانوں کے سوا کچھ نہیں دیا۔مہنگائی ‘بیروزگاری ‘تھانہ کچہری کی سیاست کا خاتمہ ہماری اولین ترجیح ہے ۔ ہماری پارٹی کا مقصد ایک ایسا معاشی ڈھانچہ تشکیل دینا ہے جس میں تمام انسانوں کو برابری کی بنیاد پر مواقع میسر ہوں اور قدرتی و انسانی محنت سے پیدا کردہ وسائل پر جاگیر دارانہ اور سرمایہ دارانہ اجارہ داری کا خاتمہ ہو ۔

(جاری ہے)

عوام کو بنیادی انسانی ضروریات تعلیم ‘علاج ‘رہائش کی فراہمی ہمارا اولین مقصد ہے جس کیلئے ہم خصوصی پروگرام مرتب کر رہے ہیں۔اجتماعی مسائل کا حل اولین ترجیح ہونی چاہیے ہمیشہ مفاد پرست خوشنما نعروں کے ذریعے ووٹ حاصل کر کے اقتدار میں پہنچے اور عوام کو بھول گئے مگر اس مرتبہ عوام کو اپنے ووٹ کا صحیح استعمال کرنا ہو گا تاکہ بجلی ‘صحت اور تعلیم جیسے بنیادی مسائل کے حل کی طرف پیشرفت ہو سکے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو اپنے ووٹ کا استعمال سوچ سمجھ کر کرنا چاہیے اور مخلص اور ایماندار لوگوں کو منتخب کرنا چاہیے ۔