ضلع میں پرامن اور شفاف انتخابات کے لیے اپنی ذمہ داریاں ایمانداری سے پوری کریں گے،ڈپٹی کمشنر پشین اورنگزیب بادینی

جمعرات جولائی 00:40

کوئٹہ۔11جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 جولائی2018ء) ڈپٹی کمشنرپشین اورنگزیب بادینی نے کہا ہے کہ ضلع میں پرامن اور شفاف انتخابات کے لیے اپنی ذمہ داریاں ایمانداری سے پوری کریں گے عام انتخابات میںعوامی اعتماد کو بحال رکھتے ہوئے ایماندار اور فرض شناس آفیسران تعینات کئے جائیں گے۔تاکہ انتظامیہ غیر جانب دار رہتے ہوئے تمام امیدواروں کو یکساں اہمیت دے اور ضروری سیکورٹی فراہم کرے۔

جبکہ ملازمین کی غفلت اور لاپرواہی قطعی قبول نہیں۔ عوام کو پرامن ماحول میں پولنگ اسٹیشنوں تک رسائی کو بھی ممکن بنایا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے الیکشن 2018میںسیکورٹی اور دیگر تمام انتظامات کے حوالے سے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔اجلاس میں ڈسٹرکٹ الیکشن مانیٹرنگ اورلائن ڈپارٹمنٹ کے آفیسران سمیت محکمہ تعلیم اور محکمہ صحت کے آفیسران نے بھی شرکت کی۔

اجلاس میںفیصلہ ہوا کہ تمام پولنگ اسٹیشن پر سیکورٹی اہلکاروںاور پولنگ عملہ کو پہنچانے کے لیے پرائیویٹ گاڑیوںکو کرائے پر لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شفاف انتخابات کا انعقاد یقینی بنانے کے لیے عوام کا تعاون ناگزیر ہے۔ امن و امان میں رخنہ ڈالنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔جبکہ الیکشن کمیشن کی جانب سے امیدواروں کے لیے جاری ہونے والے ضابطہ اخلاق کی پاسداری اور عمل درآمد کو یقینی بناتے ہوئے عام انتخابات کے انعقاد کے سلسلے میں تمام امیدواروں کی انتخابی سرگرمیوں پر مکمل نظر رکھی جائے گی۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سرکاری عملے کو تحفظ دینے کے لیے بھی تمام ممکن وسائل بروئے کار لائے جا رہیں ہیں۔جبکہ انتخابی سرگرمیوںمیں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔تاکہ ووٹرز آزادانہ طور پر حق رائے دہی استعمال کر سکیں۔

Your Thoughts and Comments