سرکاری امور کی انجام دہی میں مزاحمت پر 100سے زائد افراد کو حراست میں لیا گیا،سی پی او

جمعرات 12 جولائی 2018 00:50

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جولائی2018ء) سٹی پولیس آفیسر راولپنڈی عباس احسن نے کہا ہے کہ قانون کی خلاف ورزی کرکے راولپنڈی میں ریلی نکالنے والوں کی گرفتاریاں جاری ہیں اور مختلف مقامات پر چھاپوں کے بعد سے اب تک 100 کے قریب افراد حراست میں لئے جا چکے ہیں اور مقدمات میں نامزد ملزمان کی گرفتاری کے لئے مزیدچھاپے مارے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ہم کسی کے خلاف انتقامی کاروائی نہیں کر رہے اور نہ ہی ذاتی عناد یا دشمنی کی بنا ء پر گرفتاریاں کررہے ہیں۔ پولیس کا کام مقدمات میں مطلوب ملزمان کو قانون کی گرفت میں لے کر عدالتوں میں پیش کرنا ہے اور اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داریاں دیانتداری کے ساتھ سر انجام دے رہے ہیں۔ راولپنڈی میں ایک سیاسی جماعت کی طرف سے دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرکے نکالی گئی ریلی سے متعلق پیش رفت کا ذکر کرتے ہوئے سی پی او عباس احسن نے کہاکہ ریلی میں شریک تمام افراد کے خلاف سرکاری امور کی انجام دہی میں مزاحمت پر مقدمات درج کئے گئے ۔

(جاری ہے)

نیب افسران اپنے ملزم کی گرفتاری کے لئے جب راولپنڈی آئے تو ان سے مزاحمت کی گئی اور گرفتاری میں روکا ٹیں ڈالی گئیں اور کار سرکار میں مداخلت کی گئی جس پر نیب افسران کی مدیت اور پولیس کی طرف سے مقدمات درج کئے گئے۔انہوں نے کہاکہ تمام افراد کے خلاف بمطابق قانون اور غیر جانبدارانہ کاروائی جاری ہے۔عباس احسن نے واضح کیا کہ الیکشن کمشن آف پاکستان کے ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنائیں گے ،کسی سے بھی نرمی نہیں برتی جائے گی اور نہ ہی قانون شکنی کے مرتکب افراد کو من مانی کرنے دی جائے گی۔

سی پی او، راولپنڈی عباس احسن نے کہا کہ کوئی بھی قانون سے بالا تر نہیں ،امن و امان کا مسئلہ پیدا کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا ۔ انہوں نے کہاکہ پولیس قانونی تقاضوں کے مطابق کاروائی کررہی ہے اور الیکشن کمشن آف پاکستان کے ضابطہ اخلاق پر من و عن عملدارآمد کرائیں گے۔