ڈیمز کی تعمیر کے لیے قومی جذبہ بیدار ، ڈیمز کی تعمیر کیلئے جانتے ہیں اب تک کتنی رقم اکٹھی کرلی گئی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 12 جولائی 2018 11:10

ڈیمز کی تعمیر کے لیے قومی جذبہ بیدار ، ڈیمز کی تعمیر کیلئے جانتے ہیں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12 جولائی 2018ء) : چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار نے ملک بھر میں دو ڈیمز دیامر بھاشا ڈیم اور مہمند ڈیم کی تعمیر کا حکم دیا تھا جس کے بعد انہوں نے اپنی جیب سے ڈیمز کی تعمیر کے لیے 10 لاکھ روپے کا عطیہ کیا اور قوم سے اپیل کی کہ ڈیمز کی تعمیر کے لیے فنڈز میں عطیہ دے کر اس کار خیر میں حصہ ڈالیں۔ چیف جسٹس کی اپیل کے بعد سے ہی ملک بھر کی عوام نے ڈیمز کی تعمیر کے لیے جمع کیے جانے والے فنڈز میں اپنا اپنا حصہ ڈالنا شروع کر دیا۔

ڈیمز کی تعمیر کے فنڈ میں عطیہ ڈالنے کے لیے قومی جذبہ پیدا ہوا اور صرف چند گھنٹوں میں ہی اس فنڈ میں کئی لاکھ روپوں کا اضافہ ہو رہا ہے۔ پاک افواج سمیت ملازمین، وکلاء ،سابق فوجی افسران و ملازمین اور عام عوام بھی کھُل کر ڈیمز کی تعمیر کے لیے عطیہ کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ملک کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افسران اور ملازمین نے کروڑوں روپے کے عطیات جمع کرنے اور مہم میں حصہ لینے کا اعلان کردیا ہے۔

وزرات خارجہ نے دیامیر بھاشا اور مہمند ڈیم فنڈ میں اپنے سٹاف کی 3 دن کی تنخواہ جمع کروانے کا اعلان کیا ۔ترجمان دفترخارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ وزارت خارجہ کے تمام افسران اپنی 3 دن کی تنخواہ فنڈ میں جمع کروائیں گے ۔ گیس اینڈ آئل پاکستان نے ایک کروڑ 20 لاکھ روپے عطیہ کا اعلان کیا ۔بنک آف پنجاب کے ایگزیکٹوزاورآفیسرز نے ایک کروڑ روپے کا عطیہ دیا ، سابق فوجیوں کی تنظیم ویٹرنز آف پاکستان (سابقہ پیسا) نے دیامر بھاشا اور مہمند ڈیم کی تعمیر کے لیے اپنی ماہانہ پنشن سے پانچ فیصد عطیہ کرنے کا اعلان کیا ۔

سپریم کورٹ آف پاکستان کے افسران نے اپنی 2 روز کی تنخواہ جبکہ گریڈ 15 کے ملازمین ایک دن کی تنخواہ دیا میر بھاشا ڈیم اور مہمند ڈیم کی تعمیر کے لیے قائم ’ڈیم فنڈ‘ میں عطیہ کرنے کا اعلان کردیا۔ لاہور ہائیکورٹ بار ایسو سی ایشن کے وکلاء نے بھی فنڈ ریزنگ مہم شروع کرتے ہوئے ہائیکورٹ میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں سینئر قانون دان چوہدری ظفر اقبال،ملک مقبول صادق نے ایک، ایک لاکھ روپے کے چیک عطیہ کر دئیے ۔

تقریب میں خواتین وکلاء نے بھی عطیات چیک کی صورت میں جمع کروائے ۔ سید طلعت محمود، صدر زرعی ترقیاتی بینک نے تمام ملازمین کی ایک دن کی تنخواہ دینے کا اعلان کیا ۔چیئرمین پیمرا نے بھی افسران کی جانب سے دو دن اور سٹاف کی ایک دن کی تنخواہ ڈیمز کی تعمیر کے لیے فنڈ میں جمع کروانے کا اعلان کیا، سی ڈی اے کے افسران وملازمین نے ڈیمز کی تعمیر کے لیے دو دن کی تنخواہ دینے کا فیصلہ کیا۔

دریں اثنادیا مربھاشا ڈیم اور مہمند ڈیم کی تعمیرکے لئے قائم عملدرآمد کمیٹی کا پہلا اجلاس آج اسلام آباد میں ہوگا۔ ملی لیبر فیڈریشن نے امیر جماعۃ الدعوۃ حافظ محمد سعید کی اپیل پر یونین کی جانب سے تمام سرکاری ملازمین کی ایک دن کی تنخواہ ڈیم فنڈ میں جمع کروانے کا اعلان کیا ہے۔ واضح رہے کہ ملک بھر میں پانی کی قلت پر قابو پانے ، محکمہ زراعت کو پانی کی فراہمی اورپینے کے صاف پینے کےلیے سپریم کورٹ نے ملک میں دو ڈیمز دیامر بھاشا اور مہمند ڈیمز بنانے کا حکم دیا تھا۔

چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار نے ڈیمز کی تعمیر کے لیے اپنی جیب سے 10 لاکھ روپے بھی عطیہ کیے۔ اور چیف جسٹس کی جانب سے عطیہ دئے جانے کے بعد ڈیمز کی تعمیر کے لیے پیسے عطیہ کرنے کا ٹرینڈ بن گیا۔ پاک فوج نے ڈیموں کی تعمیر کے لیے کارخیرمیں بڑھ چڑھ کرحصہ لینے کا اعلان کیا اورپاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ پاک فوج بھی ڈیموں کی تعمیر کے لیے کارخیرمیں بڑھ چڑھ کرحصہ ڈالے گی۔

پاک فوج دیا میربھاشا ڈیم اور مہمند ڈیم کے فنڈزمیں حصہ قومی فریضہ کے تحت ڈالیں گے۔ ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ تینوں مسلح افواج جن میں بری فوج ، پاک فضائیہ اور پاک نیوی کے سربراہان اور افسران 2 دن کی تنخواہیں فنڈ میں جمع کروائیں گے۔ تینوں مسلح افواج کے جوان ایک دن کی تنخواہ کارخیرمیں جمع کروائیں گے۔اس کے بعد چئیرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے ڈیموں کی تعمیر کے لیے 15 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا۔

نگران وزیر اعلیٰ پنجاب حسن عسکری نے بھی ڈیمز کی تعمیر کے لیے پانچ لاکھ روپے عطیہ کیے۔ اس کے علاوہ خیبرپختونخواہ کے سرکاری افسران اور فیسکو افسران نے بھی اپنی 3 اور ملازمین نے اپنی ایک ایک دن کی تنخواہ دیامر بھاشا اور مہمند ڈیم فنڈ میں دینے کا اعلان کیا تھا۔حبیب بنک لمیٹڈ نے بھی ڈیمز کی تعمیر کے لیے رقم عطیہ کرنے کا اعلان کر دیا۔

کراچی میں ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بنک شمس الحسن نے نیوز کانفرنس کی۔شمس الحسن نے بتایا کہ حبیب بنک لمیٹڈ نے ڈیمز فنڈ کے لیے 10 کروڑ روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔اس کے علاوہ ایچ بی ایل ملازمین اور یو بی ایل ملازمین بھی ایک دن کی تنخواہ فنڈز میں دیں گے۔ معروف اداکار حمزہ علی عباسی نے بھی ڈیمز کی تعمیر کے لیے 3 لاکھ روپے عطیہ کیے۔ پاکستانی عوام میں موجود محب وطن پاکستانیوں نے بھی پانی کی قلت سے چھُٹکارا پانے اور ڈیمز کی تعمیر کے لیے اپنی اپنی استطاعت کے مطابق فنڈ جمع کروانا شروع کر دئے ہیں۔

بنوں کے ایک طالبعلم نے میٹرک کے امتحانات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے پر ملنے والی انعام کی رقم ڈیمز کی تعمیر کے لیے عطیہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔ لکی مروت کے طالبعلم محمد کو میٹرک کے امتحان میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے پرانعام دیا گیا تھا جسے اس نے ڈیمز کی تعمیر کے لیے عطیہ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ سوشل میڈیا پر یہ خبر پھیلی تو صارفین نے نوجوان طالبعلم اور قوم کے معمار کے اس قومی جذبے کی خوب تعریف کی۔

محمد نامی اس طالبعلم نے انعام کی رقم عطیہ کرکے اپنے جیسے نوجوان اور بڑے بوڑھوں کے لیے ایک مثال قائم کر دی۔ قبل ازیں تیسری جماعت کے 9 سالہ طالبعلم علی شیر نے جیب خرچ بچا کر اور کھلونے فروخت کر کے جمع کیے جانے والے 10 ہزار روپے ڈیموں کے لیے عطیہ کردئیے ۔
پاکستانی عوام کا یہ جذبہ دیکھ کر یہ کہنا غلط نہیں ہو گا کہ اپنے ملک پاکستان کے لیے عوام ابھی بھی ایثار اور قربانی کا جذبہ رکھتی ہے۔

ملک کی ترقی کے لیے قوم ابھی کسی کام سے پیچھے نہیں ہٹتی۔ واضح رہے کہ دیامر بھاشا ڈیم اور مہمند ڈیم کی تعمیر کے لیے بنک اکاؤنٹس مخصوص کیے گئے ہیں جس میں عطیے کی رقم جمع کروائی جا سکتی ہے۔اس بنک اکاؤنٹ کا ٹائٹل دیامر بھاشا اور مہمند ڈیم فنڈ2018ء (“DIAMER-BHASHA AND MOHMAND DAM FUND –2018”)رکھا گیا ہے اور اکاؤنٹ نمبر 4-001-299999-593-03 ہے جبکہ آئی بی این نمبر PK06SBPP0035932999990014 ہے۔