سپریم کورٹ کی ڈیموں کے فنڈ کیلئے ذرائع ابلاغ کی عوامی آگہی یقینی بنانے کی ہدایت

ملک بھرمیں تمام بینکوں کی شاخیں داخلی دروازوں پربینرز نمایاں آویزاں کریں جن پرڈیموں کی تعمیر کیلئے عطیات وصول کرنے کی عبارت درج ہو‘عطیات نقدی، چیک ‘پے آرڈر ،ڈیمانڈ ڈرافٹ اورپرائزبانڈ کی صورت میں بھی جمع کرائے جا سکتے ہیں‘عوام بغیر کسی اضافی ادائیگی کے کریڈٹ اور ڈیبٹ کارڈ کے ذریعے بھی عطیات جمع کراسکتے ہیں ‘سپریم کورٹ وزارت خارجہ بیرون ملک سفارت خانوں کو عطیات وصول کرنے کیلئے سٹیٹ بینک کی مشاورت سے مناسب ہدایات جاری کریں تاکہ فنڈز سٹیٹ بینک کے مخصوص اکاؤنٹ میں جمع کرائے جاسکیں‘سپریم کورٹ کی وزارت خارجہ کو ہدایت

جمعرات 12 جولائی 2018 12:24

سپریم کورٹ کی ڈیموں کے فنڈ کیلئے ذرائع ابلاغ کی عوامی آگہی یقینی بنانے ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 جولائی2018ء) سپریم کورٹ نے ڈیموں کے فنڈ کیلئے ذرائع ابلاغ کی موثرمہم اور عوامی آگہی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔تفصیلات کے مطابق یہ ہدایت چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں ایک چاررکنی بینچ نے آئینی درخواست کی سماعت کے دوران کی،عدالت نے کہا کہ ملک بھرمیں تمام بینکوں کی شاخیں داخلی دروازوں پربینرز نمایاں آویزاں کریں جن پران ڈیموں کی تعمیر کیلئے عطیات وصول کرنے کی عبارت درج ہو۔

حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ یہ تمام عطیات اسٹیٹ بینک، نیشنل بینک اورمائیکروفنانس بینکوں سمیت دیگر تمام بینکوں کی شاخوں میں جمع کرائے جاسکتے ہیں،حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ عطیات نقدی، چیک ،پے آرڈر ،ڈیمانڈ ڈرافٹ اورپرائزبانڈ کی صورت میں بھی جمع کرائے جاسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

سپریم کورٹ نے پیمرا اوروزارت اطلاعات کوہدایت کی ہے کہ وہ سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے اعلان کردہ دیامربھاشا ڈیم اورمہمندڈیم فنڈ کیلئے ذرائع ابلاغ کی موثرمہم اور عوامی آگہی یقینی بنائے،عطیات جمع کرنے والے بینک تصدیق شدہ رسید دینے کے پابند ہوں گے۔

حکم نامے میں کہا گیا کہ آن لائن، انٹرنیٹ بینکنگ اور اے ٹی ایم کے ذریعے عطیات کی وصولی کیلئے آئی بی اے این نمبربھی مختص کیاگیاہے جو سٹیٹ بینک اورسپریم کورٹ کی ویب سائٹ پر ڈالاجائے گا۔عدالت نے کہا کہ عوام بغیر کسی اضافی ادائیگی کے کریڈٹ اور ڈیبٹ کارڈ کے ذریعے بھی عطیات جمع کراسکتے ہیں تاہم پاکستان سے باہرسے جمع کرانے والوں پرمتعلقہ ممالک کے چارجز لاگو ہوں گے۔

سپریم کورٹ نے وزارت خارجہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ بیرون ملک سفارت خانوں کو عطیات وصول کرنے کیلئے سٹیٹ بینک کی مشاورت سے مناسب ہدایات جاری کریں تاکہ فنڈز سٹیٹ بینک کے مخصوص اکاؤنٹ میں جمع کرائے جاسکیں۔عدالت عظمیٰ نے پاکستانی سفارت خانوں اور بیرون ملک پاکستانی بینکوں کی شاخوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ وصول شدہ عطیات کی تفصیلات سپریم کورٹ اور سٹیٹ بینک کی ویب سائٹ پرجاری کرے، جبکہ موبائل فون کے صارفین بھی 8000ڈائل کرکے دس روپے عطیہ کرسکتے ہیں،فنڈ میں جمع کرائے جانیوالے عطیات پرکسی قسم کاٹیکس یاڈیوٹی عائد نہیں ہوگی۔