دُبئی:بھارتی شہری کا گھر لُوٹنے والا چینی نقب زن گرفتار

ملزم اور اس کے ساتھیوں نے تیس لاکھ درہم سے زائد رقم لُوٹی تھی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 12 جولائی 2018 12:54

دُبئی:بھارتی شہری کا گھر لُوٹنے والا چینی نقب زن گرفتار
دُبئی( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12 جُولائی 2018) تین چینی باشندوں نے ایک گھر میں گھُس کر تیس لاکھ اماراتی درہم سے زائد مالیت کی رقم‘ زیورات اور دیگر قیمتی سامان لُوٹ لیا۔ تفصیلات کے مطابق گھر کا مالک بھارتی باشندہ کچھ دِنوں کے لیے متحدہ عرب امارات سے باہر تھا جب اُس کے ایک ملازم نے اُسے فون کے ذریعے مطلع کیا کہ پام جمیرہ میں واقع اُس کے گھر پر چوری کی واردات ہوئی ہے۔

اس واردات میں چور الیکٹرونکس کا سامان‘ زیورات اور دیگر قیمتی سامان لُوٹ کر فرار ہو گئے تھے۔ ابتدائی تفتیش سے پتا چلا کہ تین چینی باشندوں نے اوزاروں کی مدد سے گھر کا دروازہ توڑا اور اندر داخل ہو کر سامان لوٹ لیا۔ ان تین چوروں میں سے ایک 38 سالہ چور کو پولیس گرفتار کرنے میں کامیاب ہو گئی جبکہ باقی دو چور امارات سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

(جاری ہے)

استغاثہ کے مطابق گرفتار کیے گئے ملزم اور اُس کے دو ہم وطن افراد نے 14 لاکھ درہم مالیت کی 22گھڑیاں‘ 3 لاکھ درہم کا ہیرے کا ہار اور دیگر زیورات‘ 35 ہزار درہم کے قیمتی پین کے علاوہ 15 لاکھ اماراتی درہم نقد رقم کی صورت میں لُوٹے تھے۔ ملزم نے اپنے خلاف عائد کیے گئے الزامات کو درست تسلیم کرنے سے انکار کر دیا اور خود کو کسی چور گینگ کا حصّہ ماننے پر بھی تیار نہ ہوا۔

ملزم کی جانب سے پریزائیڈنگ جج فہد الشمسی کی خدمت میں اپنی بریت کے لیے ایک تحریری درخواست پیش کی گئی۔ جبکہ چوری کی واردات سے متاثرہ بھارتی تاجر نے بتایا کہ ملزمان نے اُس کے گھر پر نصب کلوز سرکٹ ٹی وی کیمرے اور بیڈ رُوم میں موجود دو الماریاں بھی توڑ ڈالیں۔ پولیس کے مطابق ملزم نے تفتیش کے دوران اپنے اور اپنے ساتھیوں کی جانب سے کی گئی واردات کا اعتراف کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس چوری میں اُسے دس لاکھ اماراتی درہم کا حصّہ مِلا تھا۔ جس میں سے کچھ رقم اُس نے اپنے آبائی وطن میں موجود گھر والوں کو بھیجی تھی جبکہ باقی رقم اپنے مفرور ساتھیوں کے ہاتھ بھجوائی تھی۔ اس مقدمے کا فیصلہ 25 جولائی 2018ء کو سُنایا جائے گا۔