کائیلی جینر کم عمر ترین’’سیلف میڈ‘‘ارب پتی کی جانب گامزن

جمعرات 12 جولائی 2018 14:48

کائیلی جینر کم عمر ترین’’سیلف میڈ‘‘ارب پتی کی جانب گامزن
لاس اینجلس ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جولائی2018ء) بزنس میگزین فوربز کے مطابق امریکی ٹی وی سٹار اور میک اپ مصنوعات کی کمپنی کی 20 سالہ مالکہ کائیلی جینر کے اثاثوں کی مالیت 90 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔کائیلی جینر نے 2 سال قبل اپنی کاسمیٹکس کمپنی متعارف کروائی تھی۔ جریدے کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا سٹار ’اپنے بل بوتے پر ارب پتی بننے والی سب سے کم عمر‘ شخصیت بننے کی راہ پر ہیں۔

کائیلی کے مقابلے میں ان کی 37 سالہ سوتیلی بہن کِم کارڈیشیئن کے اثاثوں کی کل مالیت 35 کروڑ ڈالر ہے۔ وہ آئندہ ماہ 21 برس کی ہو جائیں گی جب فوربز جریدے کا نیا ایڈیشن آئے گا۔فوربز جریدے کے مطابق کائیلی جینز اپنے ہونٹوں کی وجہ سے شہرت رکھتی ہیں۔ رواں ہفتے کے آغاز میں ان کا کہنا تھا کہ وہ ہونٹوں پر ڈرمل فلرز نامی انجیکشن لگوانا چھوڑ رہی ہیں۔

(جاری ہے)

کائیلی جینز نے 2015 میں ٹی وی شو ’کیپنگ اپ ود دی کارڈیشیئنز‘ میں تسلیم کیا تھا کہ ان کے قدرتی ہونٹ ان کے لیے ایک ’عدم تحفظ‘ تھے اور وہ انھیں مصنوعی طور پر تبدیل کرنا چاہتی تھیں۔بعدازاں انھوں نے اپنا برانڈ کائیلی کاسمیٹکس متعارف کروایا تھا جس میں صارفین کے لیے ہونٹوں کو نمایاں کرنے والی میک اپ کی مصنوعات بھی شامل تھیں۔پلاسٹک سرجنز کا کہنا ہے کہ ان کے ہونٹوں کے انداز نے ایک نیا رجحان قائم کیا اور خواتین میں ’لپ فلرز‘ کے استعمال میں اضافہ ہوا۔

فوربز کے مطابق کائیلی اپنی کمپنی کے واحد مالک ہیں اور اس کی کل مالیت 80 کروڑ ڈالر ہے۔فوربز کی امریکہ میں اپنے بل بوتے پر امیر ترین بننے والی خواتین کی فہرست میں کائیلی جینر کا 27واں نمبر ہے جبکہ باربرا سٹرائسینڈ 40کروڑ ڈالر، بیونسے ساڑھے 33 کروڑ ڈالر اور ٹیلز سوئفٹ 32 کروڑ ڈالر کے ساتھ ان سے کافی پیچھے ہیں۔کائیلی جینز سب سے کم عمر ارب پتی بننے کی جانب گامزن ہیں۔

اس سے قبل یہ اعزاز فیس بک کے بانی مارک زکربرگ نے 23 سال کی عمر میں حاصل کیا تھا۔ انھوں نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں لکھا کہ ’واہ۔ میں یقین نہیں کر سکتی کہ میں اپنا فوبز سرورق پوسٹ کر رہی ہوں۔دوسری جانب ڈکشنری ڈاٹ کام نے فوربز کے بارے میں ٹویٹ کیا کہ ’سیلف میڈ کا مطلب ہوتا ہے زندگی میں اپنی مدد آپ کے تحت کامیابی حاصل کرنا۔کائیلی جینز دس برس کی عمر میں منظرعام پر آئی تھیں جب وہ اپنی خاندان کے ہمراہ ایک ریالٹی شو کا حصہ بنی تھیں۔سوشل میڈیا پر کئی لوگوں نے فوربز کی جانب سے 'سلف میڈ' کی اصطلاح کے استعمال پر اعتراض کیا کہ کائیلی جینز کے والدین پہلے ہی مشہور اور امیر تھے۔