ریڈیو پاکستان کے پہلے ڈائریکٹر جنرل، ادیب، صدا کارذوالفقار علی بخاری کی 43 ویں برسی منائی گئی

جمعرات 12 جولائی 2018 15:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جولائی2018ء) ریڈیو پاکستان کے پہلے ڈائریکٹر جنرل، ادیب، صدا کارذوالفقار علی بخاری کی 43 ویں برسی جمعرات کو منائی گئی۔ انہوں نے ریڈیو پاکستان کو ایسا ادارہ بنایا جہاں سے نوجوان ابتدائی تربیت حاصل کرنے کے بعد اپنے روشن مستقبل کیلئے عملی میدان میں قدم رکھتے ہیں۔ ذوالفقار علی بخاری پشاور میں پیدا ہوئے۔

1935ء میں آل انڈیا ریڈیو کے دہلی اسٹیشن سے وابستہ ہو گئے۔ 1938ء میں براڈ کاسٹنگ کی تربیت حاصل کرنے لندن گئے۔ 1940ء میں جائنٹ براڈ کاسٹنگ کونسل لندن میں کام کیا۔ اسی زمانے میں بی بی سی سے اردو سروس شروع کی۔ لندن سے واپس آکر ممبئی اور بعد ازاں کلکتہ ریڈیو سٹیشن کے ڈائریکٹر مقرر ہوئے۔ ریڈیو پاکستان کے پہلے ڈائریکٹر جنرل تھے۔

(جاری ہے)

پاکستان میں ٹیلی وژن کی نشریات شروع ہوئیں تو تین ماہ اس کے جنرل منیجر رہے۔

شعر و ادب اورسٹیج سے بچپن سے ہی دل چسپی تھی۔ اعلیٰ درجے کے براڈ کاسٹر تھے۔ آواز نہایت پرسوز اور سحرانگیز تھی۔ مرثیہ خوانی شعر خوانی میں یکتا تھے۔ موسیقی سے بھی گہرا شغف تھا۔ ریڈیو اردو ڈرامے نے انہی کی بدولت قبول عام حاصل کی۔ فارسی، اردو، پنجابی اور انگریزی پر یکساں عبور حاصل تھا۔ بنگالی، برمی اور پشتو بھی جانتے تھے۔ دو تصانیف سرگزشت بخاری اور راگ ودیا یادگار چھوڑیں۔آپ12 جولائی1975 ء کراچی میں انتقال کر گئے۔