اسرائیلی فوج نے شام سے آنے والے ڈرون پر پیٹریاٹ میزائل داغ دیا

جمعرات 12 جولائی 2018 16:03

تل ابیب(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 جولائی2018ء) اسرائیلی فوج نے شام سے آنے والے ڈرون پر پیٹریاٹ میزائل داغ دیا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے شام سے سرحدی علاقے کی جانب آنے والے ایک ڈرون کو روکنے کے لیے پیٹریاٹ میزائل داغا ہے۔اسرائیلی فوج کے ایک بیان کے مطابق شامی علاقے سے بغیر پائیلٹ طیارہ آنے کے بعد مقبوضہ گولان کی چوٹیوں اور نزدیک واقع اردن کے ساتھ سرحد پر نصب فضائی دفاعی نظام کے سائرن بجنا شروع ہوگئے تھے۔

اسرائیلی فوج نے گذشتہ دو ہفتے میں شام سے آنے والے دوسرے ڈرون کی جانب پیٹریاٹ میزائل داغا ہے۔شامی صدر بشارالاسد کی فوج کی گولان کی چوٹیوں اور اردن کی سرحد کے نزدیک واقع علاقے میں باغیوں کے خلاف کارروائی کے بعد سے اسرائیل ہائی الرٹ ہے۔

(جاری ہے)

اس کو یہ خدشہ لاحق ہے کہ شامی صدر سرحدی علاقے میں اپنے فوجی یاحزب اللہ یا ایرانی اتحادیوں کو تعینات کر سکتے ہیں۔

اسرائیلی فوج نے 24 جون کو بھی شام سے آنے والے ایک ڈرون پر پیٹریاٹ میزائل داغا تھا لیکن اس سے ڈرون کو کوئی نقصان نہیں پہنچا تھا۔ شامی فوج کے ایک کمانڈر نے تب کہا تھا کہ یہ ڈرون باغیوں کے خلاف کارروائی میں استعمال کیا جارہا تھا۔دریں اثنا اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو بدھ کو روس کے دورے پر ماسکو پہنچے ہیں جہاں وہ روسی صدر ولادی میر پوتین سے شام کی صورت حال پر تبادلہ خیال کریں گے۔روسی فوج شامی فوج کے شانہ بشانہ باغیوں کے خلاف لڑ رہی ہے اور اس کی فضائیہ نے شام میں جاری حکومت مخالف مہم کا رخ بدلنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔