لاہور میں موسلا دھاربارش، علامہ اقبال ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن معطل ، پنجاب بھر میں مون سون کا دوسرا سلسلہ چار روز تک جاری رہیگا، محکمہ موسمیات

جمعرات 12 جولائی 2018 16:27

لاہور۔12 جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جولائی2018ء) لاہور کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش، علامہ اقبال ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن بھی معطل ہوگیا،پنجاب بھر میں مون سون بارشوں کا دوسرا مرحلہ شروع ہو گیا، محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون کا دوسرا سلسلہ چار روز تک جاری رہے گا،ڈائریکٹر میٹ ڈاکٹر خالد محمود کے مطابق جس طرح کی بارش ہم توقع کر رہے ہیں اس سے شہروں میں سیلاب کا امکان ہے اور جو نشیبی علاقے ہیں، وہاں پانی زیادہ آنے کا امکان ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار تک گرج چمک کے ساتھ بارش ہو گی،مون سون ہوائیں بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے ملک کے شمال مشرقی علاقوں میں داخل ہونا شروع ہو گئی ہیں، جن سے لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، فیصل آباد، ساہیوال، ملتان ڈویژن، خیبر پختونخوا میں مالا کنڈ، ہزارہ، پشاور، مردان، کوہاٹ، فاٹا، بنوں، ڈی آئی خان ڈویژن اور کشمیر کے چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کیساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے،گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا ۔