شمالی علاقہ جات کا ملک کی ترقی میں اہم کردار ہے،ممنون حسین

جمعرات 12 جولائی 2018 16:32

شمالی علاقہ جات کا ملک کی ترقی میں اہم کردار ہے،ممنون حسین
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جولائی2018ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ شمالی علاقہ جات کا ملک کی ترقی میں اہم کردار ہے،اس لیے اس علاقے میں تعلیمی سہولتوں میں اضافے سے نہ صرف وہاں کے لوگوں کی زندگی میں بہتری آئے گی بلکہ ملک کی اقتصادی و سماجی ترقی کو مزید فروغ ملے گا۔صدرمملکت نے یہ بات ایوان صدر میں قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے وائس چانسلر انجنیئرپروفیسر ڈاکٹر عطا اللہ شاہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وفاقی سیکریٹری برائے کشمیرو گلگت بلتستان محمد آصف شیخ بھی موجود تھے۔صدر مملکت نے کہا کہ اعلی تعلیم کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی ضرورت ہے۔ انھوں نے وائس چانسلر کو ہدایت کی کہ وہ قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کی بہتری اور ترقی کے لیے بھر پور کوششیں کریں تاکہ یونیورسٹی کے طلبہ ملک کی ترقی میں اپنا حصہ ڈال سکیں۔ صدر مملکت نے وائس چانسلر اور یونیورسٹی کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔