نواز شریف کی آمد کے موقع لاہور میں ہنگامی صورتحال

سکیورٹی خدشات کے پیش نظر میٹرو ،سپیڈو بس سروس کو معطل رکھنے کا فیصلہ

جمعرات جولائی 16:32

نواز شریف کی آمد کے موقع لاہور میں ہنگامی صورتحال
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 جولائی2018ء) نواز شریف کی آمد کے موقع لاہور میں ہنگامی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔ سکیورٹی خدشات کے پیش نظر میٹرو ،سپیڈو بس سروس کو معطل رکھنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق نواز شریف اور مریم نواز کو ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا سنا دی گئی ہے۔اس سزا کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کو 11سال قید بامشقت علاوہ 80 ملین پاونڈ جرمانہ جبکہ مریم نواز کو 8 سال قید بامشقت اور 20 ملیں جرمانے کی سزا سنائی گئی ہے اور دوسری جانب مریم نواز کے خاوند کیپٹن (ر) صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔

اس فیصلے کے بعد نواز شریف اور مریم نواز کی واپسی کے حوالے سے چہ میگوئیاں شروع ہو گئی تھیں۔اس موقع نواز شریف اور مریم نواز نے ان تمام افواہوں کو مسترد کردیا جن میں یہ تاثر دیا جارہا تھا کہ وہ وطن واپس نہیں آئیں گے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مریم نواز نے 13جولائی کو وطن واپس آنے کا اعلان کیا تھا۔اس موقع پر یہ بحث بھی جاری تھی کہ نواز شریف کس ائیرپورٹ پر اتریں گے،اسلام آباد آئیں گے یا لاہور،انکی گرفتاری کہاں عمل میں لائی جائے گی ،یہ سب اہم ترین سوال تھے جن کے جوابات قوم حاصل کرنا چاہ رہی تھی۔

تازہ ترین معلومات اور خبر کے مطابق تمام قیاس آرائیاں دم توڑ گئیں۔سابق وزیر اعظم نواز شریف اور مریم نواز کی واپسی کا شیڈول آگیا۔نواز شریف آج رات 12بج کر 45 منٹ پر لندن سے نجی پرواز پر روانہ ہوں گے۔وہ نجی پرواز ای وائے 18سے روانہ ہوں گے۔نواز شریف کے ساتھ پارٹی رہنما اور کچھ میڈیا شخصیات بھی ہوں گے ۔نواز شریف لندن سے13جولائی صبح 8:45پر ابوظہبی پہنچیں گے۔

جہاں وہ 7 گھنٹے قیام کریں گے اور وہاں سے نجی پرواز ای وائے 243سے پاکستان کے لیے روانہ ہوں گے اور جمعہ کی شام 6بج کر 15منٹ پر لاہور پہنچیں گےجہاں انہیں جہاز سے اترتے ہی گرفتار کرلیا جائے گا۔اس موقع پر لاہور میں ہنگامی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔ سکیورٹی خدشات کے پیش نظر کل بروز جمعہ کو میٹرو اور سپیڈو بس سروس معطل رہے گی ۔ بتایا گیا ہے کہ سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کی آج جمعہ کے روز وطن واپسی کے موقع پر احتجاج اور سکیورٹی خدشات کے باعث ڈپٹی کمشنر کی تجویز پرمیٹرو بس اتھارٹی نے میٹرو بس سروس کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ سپیڈو بس سروس بھی کل کے روز معطل رہے گی ۔