30 دن بعد امی نے آنکھیں کھولی ہیں۔ مریم نواز کا ٹویٹر پیغام

والدہ کی حالت میں بہتری آ رہی ہے۔ حسین نواز

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 12 جولائی 2018 16:50

30 دن بعد امی نے آنکھیں کھولی ہیں۔ مریم نواز کا ٹویٹر پیغام
لندن (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12 جولائی 2018ء) : مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ آج 30 دن کے بعد امی نے آنکھیں کھولی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ امی نے صرف چند سیکنڈز کے لیے آج آنکھیں کھولی ہیں، مجھے نہیں معلوم کہ انہوں نے ہمیں دیکھا یا نہیں، یا انہوں نے ہمیں پہچانا یا نہیں۔مریم نواز نے کہا کہ وہ ابھی بھی ہوش میں نہیں ہیں اور وینٹی لیٹر پر ہی ہیں۔

آب سب سے دعاؤں کی اپیل ہے۔
مریم نواز نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ والدہ کو ابھی تک ہوش نہیں آئی، انہوں نے اپنی پلکیں جھپکی ہیں۔
نواز شریف کے صاحبزادے حسین نواز نے بھی والدہ کی طبیعت سے متعلق بتاتے ہوئے کہا کہ والدہ کی کافی دنوں سے دوائیں تبدیل کی جا رہی تھیں ،دواؤں کی تبدیلی کے مثبت اثرات سامنے آئے ہیں۔

(جاری ہے)

والدہ کی حالت میں پہلے سے بہتری آئی ہے، آج میری والدہ نے آنکھیں کھولی ہیں۔ حسین نواز نے مزید کہا کہ میری والدہ کو دعاؤں کی ضرورت ہے۔ خاندانی ذرائع نے بھی بیگم کلثوم نواز کی حالت میں بہتری آنے کی تصدیق کی ہے۔ یاد رہے کہ عید سے قبل مریم نواز اور نواز شریف لندن روانہ ہوئے اور کہا جا رہا تھا کہ مریم نواز اور نواز شریف لندن میں عید گزار کر واپس آ جائیں گے لیکن لندن پہنچنے سے قبل ہی بیگم کلثوم نواز کی طبیعت بگڑی جس کے بعد انہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا، حالت تشویشناک ہونے پر ڈاکٹرز نے انہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کر دیا۔

لندن میں نواز شریف اور مریم نواز کی ڈاکٹر سے طویل ملاقات ہوئی جس میں ڈاکٹرز نے سابق خاتون اول بیگم کلثوم نواز کے ساتھ زیادہ وقت گزارنے کا مشورہ دیا۔ وینٹی لیٹر سے متعلق کوئی بھی فیصلہ کرنے سے پہلے ڈاکٹرز بیگم کلثوم نواز کی طبیعت کا جائزہ لیں گے۔ ڈاکٹرز نے نواز شریف کو زیادہ وقت بیگم کلثوم نواز کے ساتھ گزارنے کا مشورہ دیا ہے جس کے باعث سابق وزیراعظم نواز شریف نے کلثوم نواز کی خراب طبیعت کے باعث وطن واپسی بھی موخر کردی ہے۔

گذشتہ رات موصول ہونے والی خبروں کے مطابق ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ وینٹی لیٹرپر جانے کے بعد ایک بار بیگم کلثوم نوازنے آنکھیں بھی کھولیں ہیں۔ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ بیگم کلثوم نواز کے اعضاء رئیسہ ٹھیک کام کر رہےہیں۔ واضح رہے مسم لیگ ن کے قائد محمد نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کینسر کے مرض میں مبتلا ہیں اور تقریباً پچھلے ایک سال سے لندن میں زیرعلاج ہیں۔

کلثوم نواز کو گلے میں کینسر کا مرض لاحق ہے۔ان کی لندن اسپتال میں کیمو تھراپی بھی ہوچکی ہے۔ تاہم ابھی تک وہ ڈاکٹرز کے مشورے سےلندن میں ہی زیرعلاج ہیں۔ بیگم کلثوم نواز کو اچانک طبیعت اچانک بگڑنے پر ہارلے اسٹریٹ کلینک میں داخل کروا دیا گیا۔ کلثوم نواز کی طبیعت اس قدر خراب ہوگئی کہ وہ اسپتال میں گر پڑیں اور انہیں وینٹی لیٹر پرمنتقل کردیا گیا تھا ، بیگم کلثوم نواز گذشتہ 28 سے 30 دنوں سے مصنوعی تنفس یعنی وینٹی لیٹر پر ہی ہیں تاہم اب مریم نواز کا کہنا ہے کہ انہوں نے 30 دنوں میں آج پہلی مرتبہ آنکھیں کھولی ہیں جبکہ حسین نواز نے بھی بیگم کلثوم نواز کی حالت میں بہتری کی تصدیق کی ہے۔