جیلوں اور قید و بند کی صعوبتوں سے ڈرنے والے نہیں، نواز شریف کا استقبال کرنا آئینی ،قانونی حق ہے‘شہباز شریف

کارکنوں کی گرفتاریاں الیکشن کی شفافیت پر سوال اٹھا رہی ہیں اس پر خاموش نہیں بیٹھیں گے ‘صدر مسلم لیگ (ن) کی گفتگو

جمعرات 12 جولائی 2018 17:54

جیلوں اور قید و بند کی صعوبتوں سے ڈرنے والے نہیں، نواز شریف کا استقبال ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جولائی2018ء) مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ جیلوں اور قید و بند کی صعوبتوں سے ڈرنے والے نہیں، نواز شریف کا استقبال کرنا آئینی اور قانونی حق ہے۔کارکنوں کی گرفتاریاں الیکشن کی شفافیت پر سوال اٹھا رہی ہیں اس پر خاموش نہیں بیٹھیں گے ۔ انہوں نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کے استقبال کے لیے کارکنوں کے ہمراہ ایئرپورٹ پہنچوں گا اور کارکن دوران استقبال سرکاری املاک کو نقصان نہیں پہنچائیں گے۔

(جاری ہے)

شہباز شریف نے کہا کہ پرامن طریقے سے نواز شریف کا استقبال کریں گے جبکہ کارکنوں کی گرفتاریاں الیکشن کی شفافیت پر سوال اٹھا رہی ہیں اور پارٹی صدر کی حیثیت سے کارکنوں کی گرفتاریوں پر خاموش نہیں بیٹھوں گا۔(ن) لیگ کے صدر نے کہا کہ شفاف انتخابات وقت کی ضرورت ہیں اور تمام جماعتوں کو برابری کی بنیاد پر انتخابی مہم چلانے کا موقع ملنا چاہیے۔شہباز شریف نے مطالبہ کیا کہ الیکشن کمیشن لیگی کارکنان کی گرفتاری کا نوٹس لے، پولیس حنیف عباسی کو بھی گرفتار کرنا چاہتی ہے۔