سرکاری ہیلی کاپٹرکاغیرقانونی استعمال،نیب نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کوطلب کرلیا

جمعرات جولائی 18:05

سرکاری ہیلی کاپٹرکاغیرقانونی استعمال،نیب نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران ..
پشاور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 جولائی2018ء) قومی احتساب بیوروخیبرپختونخوا(نیب)نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کوخیبرپختونخواحکومت کے ہیلی کاپٹرکو استعمال کرنے پر آئندہ ہفتے طلب کرلیاہے۔ نیب خیبرپختونخوا کی جانب سے جاری ہونیوالے ایک بیان میں کہاگیاہے کہ عمران خان پرالزام ہے کہ انہوں نے پی ٹی آئی کی سابق صوبائی حکومت کے دور میں سرکاری ہیلی کاپٹرMI171کوغیرقانونی طور پرمختلف پروازوں کے دوران 74گھنٹے استعمال کیاہے جس سے قومی خزانے کو مجموعی طور پر21لاکھ سات ہزار181روپے کانقصان پہنچا نیب چیئرمین جسٹس(ر)جاویداقبال نے قومی احتساب بیوروخیبرپختونخواکی اپیل کے بعد تحقیقات کی بھی منظوری دی ہے۔

بیان کے مطابق عمران خان سے ہیلی کاپٹرکے استعمال سے متعلق پوچھاجائے گا۔

(جاری ہے)

ہیلی کاپٹراستعمال کیس میں تین ماہ قبل سابق وزیراعلیٰ پرویزخٹک سمیت چار اعلیٰ بیوروکریٹس کے بیانات ریکارڈ کئے جاچکے ہیںجن میں تین سیکرٹریزبھی شامل ہیں ۔نیب کے بیان کے مطابق چیئرمین نیب جاویداقبال نے خبروں کے منظرعام پر آنے کے بعد ہیلی کاپٹراستعمال کیس میں تحقیقات کاحکم دیاتھا۔ بتایاجاتاہے کہ خیبرپختونخواحکومت کے زیراستعمال ہیلی کاپٹرایم آئی171کوبنی گالہ سے کوہاٹ،پشاور،مردان ،بٹگرام ،دیر ،کمراٹ اور دیگرکئی مقامات کیلئے استعمال کیاگیا۔اسی طرح بنی گالہ سے پشاور ،کوہاٹ،ایبٹ آباد،ہری پور ،سوات اورنوشہرہ کیلئے بھی عمران خان اس سرکاری ہیلی کاپٹرکااستعمال کرچکے ہیں۔