بیگم کلثوم نواز نے ایک ماہ بعد پہلی بار آنکھیں کھول لیں ،ْشوہر اور بیٹی کو دیکھ کر آبدیدہ

والدہ نے چند سیکنڈ کیلئے پہلی مرتبہ آنکھیں کھولی ہیں ،ْ نہیں جانتی کہ انہوں نے دیکھا یا ہمیں پہچانا ہے ،ْ مریم نواز والدہ اب بھی بے ہوشی کی حالت میں اور وینٹی لیٹر پر ہیں ،ْ مریم نواز کی عوام سے دعاؤں کی اپیل

جمعرات جولائی 18:10

بیگم کلثوم نواز نے ایک ماہ بعد پہلی بار آنکھیں کھول لیں ،ْشوہر اور ..
لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 جولائی2018ء) سابق وزیر اعظم نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز نے ایک ماہ بعد پہلی بار آنکھیں کھول لیں اور وہ شوہر اور بیٹی مریم نواز کو دیکھ کر آبدیدہ ہوگئیں۔جمعرات کو بیگم کلثوم نواز کی ایک ماہ بعد پہلی بار آنکھیں کھولنے کی تصدیق مریم نواز اور حسین نواز نے بھی کی ہے۔ سابق وزیر اعظم کی اہلیہ کو عید سے دو روز قبل ہارٹ اٹیک کے باعث طبیعت بگڑگئی تھی جس کے بعد سے وہ بے ہوش تھیں۔

مریم نواز کا اپنی ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ 30 روز کے دوران والدہ نے چند سیکنڈ کیلئے پہلی مرتبہ آنکھیں کھولی ہیں لیکن میں نہیں جانتی کہ انہوں نے دیکھا یا ہمیں پہچانا ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ اب بھی بے ہوشی کی حالت میں اور وینٹی لیٹر پر ہیں ،ْ مریم نواز نے عوام سے دعاؤں کی اپیل بھی کی ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ امی نے گزشتہ 30 دنوں میں چند سیکنڈ کیلئے آنکھیں کھولیں ۔

میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے حسین نواز نے کہا کہ بیگم کلثوم نواز کی حالت میں بہتری آئی ہے ۔ کافی دیر سے وینٹی لیٹر کی سیٹنگ کو کم کرنے کی کوشش کر رہے تھے ۔ ڈاکٹر کا کام دوائی دینا ہے شفاء اللہ کے ہاتھ میں ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ والدہ ابھی بات کرنے کے مرحلے پر نہیں آئیں ۔ والدہ نے کچھ دیر کیلئے آنکھیں کھولیں اس کے بعد وہ تھک گئیں ۔

انہوں نے کہا کہ ہم ڈاکٹرکی ایڈوائز کے بعد باہر آ گئے کوئی ڈاکٹر شفاء کی ضمانت نہیں دے سکتا ۔ یاد رہے کہ گزشتہ ماہ 15 جون کو کلثوم نواز کو دل کی تکلیف کے باعث ہسپتال لے جایا گیا تھا جہاں انہیں انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں رکھا گیا تھا جبکہ طبیعت بگڑنے کے باعث وہ ایک ماہ سے وینٹی لیٹر پر ہیں۔ واضح رہے کہ 14 جون کو سابق وزیر اعظم نواز شریف اور مریم نواز لاہور سے لندن روانہ ہوئیں تھیں لیکن ان کے لندن پہنچنے پر کلثوم نواز مصنوعی تنفس پر ہیں۔

دوسری جانب سابق وزیر اعظم نواز شریف اور صاحبزادی مریم نواز نے احتساب عدالت سے سزا کے فیصلے کے بعد وطن واپسی کا اعلان کررکھا ہے اور وہ (آج) جمعرات کو لاہور ایئرپورٹ پر پہنچیں گے جہاں نیب نے ان کی گرفتاری کی تیاریاں مکمل کر رکھی ہیں۔

Your Thoughts and Comments