Live Updates

نگراں وزیراعلی پنجاب کٹھ پتلی کا کردار ادا کررہے ہیں،گرفتاریاں کارکنوں کا راستہ نہیں روک سکتیں ،رانا مشہود

نوا ز شریف کا پرپتاک استقبال کیا جائے گا،اگر ہماری راہ میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی گئی تو لانگ مارچ کے آپشن پر غور کرسکتے ہیں،رہنما مسلم لیگ(ن) ۔انتخابات میں کسی بی ٹیم کو موقع دینے کی کوشش کی جارہی ہے لیکن عوام کی طاقت سے 25جولائی کو شیر بلے کو کھاجائے گا،مسلم لیگ ہاؤس میں پریس کانفرنس

جمعرات 12 جولائی 2018 19:17

نگراں وزیراعلی پنجاب کٹھ پتلی کا کردار ادا کررہے ہیں،گرفتاریاں کارکنوں ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جولائی2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا مشہود نے کہا ہے کہ نگراں وزیراعلی پنجاب کٹھ پتلی کا کردار ادا کررہے ہیں۔ لاکھوں کارکنوں کی گرفتاری سے راستے نہیں روکے جاسکتے ۔قائد میاں نوا ز شریف کا پرپتاک استقبال کیا جائے گا ۔13جولائی کو یوم سیاہ کے طور پر منایاجائے گا ۔پر امن احتجاج ریکارد کرائیں گے اگر ہماری راہ میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی گئی تو لانگ مارچ کے آپشن پر غور کرسکتے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے جمعرات کو مسلم لیگ ہاؤس کارساز میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر مسلم لیگ(ن)سندھ کے صدر شاہ محمد شاہ ،سلیم ضیاء اور دیگر بھی موجود تھے ۔رانا مشہود نے کہا کہ میاں نواز شریف اور مریم نواز کے استقبال کی تیاریاں مکمل ہیں ۔

(جاری ہے)

علی اکبر گجر کی قیادت میں سندھ سے قافلہ لاہور روانہ ہوگیا ہے ۔مسلم لیگی قائد اور قوم کی بیٹی کا لاہور میں تاریخی استقبال کیا جائے گا ۔

انہوںنے کہا کہ پنجاب کے نگران وزیر اعلی کٹھ پتلی کا کردارادا کررہے ہیں ، جس کی مذمت کرتے ہیں۔نگراں حکومت کا کام ملک میں انارکی کو نہ پھیلنے دینا ہوتا ہے۔مسلم لیگ نے پہلے دن سے اس پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا تھا۔کارکنوں کی گرفتاری سے نہیں ڈریں گے۔ کارکنوں کی گرفتاری کے احکامات دینے والے والوں کے خلاف مقدمات درج کروائیں ۔ نواز شریف اپنی بیٹی کے ساتھ آرہے ہیں جس میں ہمت ہے وہ ان کو روک کر دکھائے ۔

عالمی قوتوں کے پاؤں میں گر کرنواز شریف کی فلائٹ رکوانے کے لیے رویا جارہا ہے ۔ یہودیوں کے کہنے پر چلنے والے عمران خان کو اب ہمارا ردعمل بھی دیکھنا ہوگا ۔عمران خان نے اس ملک میں جو آگ لگائی ہے اس کو خمیازہ بھگتنا پڑے گا ۔پاکستان کے عوام عمران خان کے ایجنڈے کو جانتی ہے ۔13جولائی کو یوم سیاہ کے طور پر منایا جائیگا ۔کراچی پریس کلب پر شام 4بجے احتجاج کیا جائے گا۔

رانا مشہود نے کہا کہ ملک کا تین بار وزیراعظم رہنے والا نواز شریف گرفتاری دینے آرہا ہے ۔ہم ان کی حفاظت بھی کریں گے اور اپنا پرامن احتجاج بھی ریکارڈ کرائیں گے ۔نواز شریف کو لاہور آنے سے روکنے یا کسی اور ایئرپورٹ پر اتارکر اڈیالہ پہنچانے کی کوشش کی گئی تو لانگ مارچ کیا جائے گا ۔ہم ہر طرح کا ردعمل دینے کے لیے تیار ہیں ۔گرفتاریاں ہمارا رواستہ نہیں روک سکتی ہیں ۔

انہوںنے کہا کہ زیادتی کا آغاز نگران حکومت نے کیا ہے ۔انتخابات میں کسی بی ٹیم کو موقع دینے کی کوشش کی جارہی ہے لیکن عوام کی طاقت سے 25جولائی کو شیر بلے کو کھاجائے گا ۔انہوں کہا کہ راولپنڈی میں مسلم لیگی رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف انتقامی کارروائی کی جارہی ہے ۔سیاسی کارکنوں کی بجائے ملک کا آئین توڑنے والے مشرف کے خلاف کارروائی کی جائے ۔ہم اب یہ مطالبہ گلی کوچوں میں کریں گے ۔یہ تحریک اب رکے گی نہیں ۔پاکستان کو خوشحال بنانے اور انصاف دینے کا مشن جاری رہے گا ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات