حساس پولنگ اسٹیشنوں پر رینجرز تعینات کی جائے ،فوجی دستوں کا گشت جاری رکھا جائے،ندیم خان

پرامن الیکشن کے انعقاد کیلئے پاکستان آرمی اور رینجرز اپنا کردار ادا کرے گی، ڈی جی رینجرز(سندھ)میجر جنرل محمد سعید شہر میں مستقل پائیدار قیام امن کے لیے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہو گا،ڈی جی رینجرز کی بزنس کمیونٹی سے ملاقات

جمعرات 12 جولائی 2018 19:37

حساس پولنگ اسٹیشنوں پر رینجرز تعینات کی جائے ،فوجی دستوں کا گشت جاری ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جولائی2018ء) معروف صنعتکارندیم خان نے آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ اور ڈی جی رینجرز میجرجنرل محمدسعید سے اپیل کی ہے کہ کراچی سمیت سندھ بھر کے تمام حساس پولنگ اسٹیشنوں پر رینجرز تعینات کی جائے اورفوجی دستوں کا گشت جاری رکھا جائے تاکہ عوام بے خوف وخطر اپنے پسندیدہ امیدوار کو ووٹ ڈال سکیں۔

انہوں نے یہ بات گزشتہ روز ڈی جی رینجرز(سندھ)میجر جنرل محمد سعید سے کہی جنہوں نے بزنس کمیونٹی کے رہنمائوں سے ملاقات کی تھی۔ندیم خان نے کہا کہ پاکستان اور بالخصوص کراچی میں امن وامان کے قیام کیلئے پاکستان آرمی اور پاکستان رینجرز کی خدمات لائق تحسین ہیں اور ملک بھر کے عوام پاکستان فوج کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں جنہوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے پاکستان کو ایک بار پھر پرامن ملک بنایا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کراچی میں امن وامان کے قیام کیلئے پاکستان رینجرز کی کوششوں کوسراہا اور ڈی جی رینجرز(سندھ)میجر جنرل محمد سعید سے کہا کہ 25جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں پولنگ اسٹیشنوں پر سیکیورٹی کو یقینی بنانے اور امن وامان کی صورتحال کو کنٹرول کرنے کیلئے کوئیک ریسپانس ٹیمیں تشکیل دی جائیں اس کے علاوہ امن وامان کی صورتحال پرنگاہ رکھنے کیلئے ہیلی کاپٹر کی مدد سے فضائی نگرانی بھی کی جائے اور تمام اضلاع میں کنٹرول روم قائم کئے جائیں۔

انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ الیکشن کے موقع پر امن وامان خراب کرنے والے عناصر کے خلاف سخت ترین کاروائی کی جائے اور سیکیورٹی کے ایسے انتظامات کئے جائیں تاکہ عوام پرامن ماحول میں آزادانہ طور پر حق رائے دہی استعمال کرسکیں۔ ڈی جی رینجرز(سندھ)میجر جنرل محمد سعید نے بزنس کمیونٹی کو یقین دلایاکہ پرامن الیکشن کے انعقاد کیلئے پاکستان آرمی اور رینجرز اپنا کردار ادا کرے گی اور پولنگ اسٹیشنوں کے اندر اور باہراپنی ذمہ داریاں ادا کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ شہر میں مستقل پائیدار قیام امن کے لیے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہو گا۔ڈی جی رینجرز نے اپنے خطاب میں کہا کہ ستمبر 2013 سے شروع آپریشن کی وجہ سے کراچی کے حالات میں نمایاں بہتری آئی ہے ،انتخابات کے موقع پر پاکستا ن رینجرز (سندھ)کی جانب سے سیکیورٹی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جارہے ہیں۔