نگران وزیر اعلی سندھ فضل الرحمن سے کاٹی کے وفد کی ملاقات ، مسائل سے آگاہ کیا

سندھ حکومت کا نارتھ کراچی کے صنعتی علاقوں کی ترقیاتی کاموں کیلئے ڈھائی کروڑ روپے جاری کرنے کا فیصلہ

جمعرات 12 جولائی 2018 19:58

نگران وزیر اعلی سندھ فضل الرحمن سے کاٹی کے وفد کی ملاقات ، مسائل سے ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 جولائی2018ء) نگران وزیراعلیٰ سندھ فضل الرحمان نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے نارتھ کراچی کے صنعتی علاقوں کی ترقیاتی منصوبوں، صفائی ستھرائی، ٹوٹی پھوٹی سڑکوں کی مرمت اور استرکاری کے کاموں کیلئے ڈھائی کروڑ روپے جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔وہ نارتھ کراچی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (نکاٹی) کے سات رکنی وفد سے جمعرات کووزیراعلیٰ ہاؤس میں ملاقات کررہے تھے۔

وفد نے نکاٹی کے پیٹرن کیپٹن معیظ اے خان کی قیادت میں ملاقات کی جس میں نکاٹی کے صدر شاہد صابر،سینئر نائب صدر شوکت اسماعیل، نائب صدر سجاد ایچ وزیر سمیت وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری سہیل راجپوت، سیکریٹری صنعت، کمشنر کراچی و دیگر نے موجود تھے۔ وفد نے نارتھ کراچی انڈسٹریل ایریا میں بڑھتے ہوئے مسائل سے متعلق وزیراعلیٰ سندھ کو آگاہ کیا اور بتایا کہ نارتھ کراچی انڈسٹریل ایریا کے صنعت کاروں کو ذہنی کوفت اور اذیت سے نجات دلائیں جس پر نگران وزیراعلیٰ سندھ فضل الرحمان نے کمشنر کراچی صالح فاروقی کو فوراً مسائل حل کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ امید ہے کہ انڈسٹریل ایریا صفائی کے سلسلے میں انکا تعاون اہم کردار ادا کرے گا۔

(جاری ہے)

ملاقات میں نکاٹی کے وفد نے وزیراعلیٰ سندھ کو صنعتکاروں کی جانب سے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔علاوہ ازیں نگران وزیراعلیٰ سندھ فضل الرحمان سے کراچی کونسل برائے خارجہ تعلقات کے ایک وفد نے بھی وزیراعلیٰ ہاؤس میں ملاقات کی ، وفد میں چیئرمین کراچی کونسل برائے خارجہ تعلقات ایڈمرل شاہد کریم اللہ، سابق گورنر سندھ اور کے سی ایف آر کے بورڈ آف گورنر لیفٹننٹ جنرل (ر) معین الدین حیدر، سابق چیف سیکریٹری جاوید اشرف سمیت سیکریٹری جنرل اور چیف ایگزیکٹو کے سی ایف آر احسن مختار زبیری موجود تھے۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت مختلف معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔#