ضلع مہمند، تمانزئی قوم نے پی پی پی کے نامزد اُمیدوار ملک اسرائیل صافی کی حمایت کا اعلان کر دیا

جمعرات 12 جولائی 2018 19:59

ضلع مہمند (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 جولائی2018ء) ضلع مہمندکے تمانزئی قوم نے پی پی پی کے نامزد اُمیدوار ملک اسرائیل صافی کی حمایت کا اعلان کر دیا، پاکستان پیپلز پارٹی واحد سیاسی جماعت ہے جو قبائلی عوام کے مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، قبائلی عوام کو حق بالغ رائے دہی دینااور پولیٹیکل پارٹیز ایکٹ نافذ کرنا پی پی پی کے 2 ایسے کارنامے ہیں جس کو قبائلی عوام کبھی نہ بھول پائیں گے، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے خواتین کو معاشی طور پر مضبوط کر کے ضلع کی36 ہزارخواتین کو امدادی رقوم کا اجراء کیا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار قبائلی ضلع مہمند این اے 42 پاکستان پیپلز پارٹی کے نامزد اُمیدوار ملک اسرائیل خان صافی ، جنرل سیکرٹری قبائلی علاقہ جات ، جنرل سیکرٹری پی پی پی مہمند فضل ہادی ، امتیاز خان ، ارشد بختیار و دیگر نے تحصیل پنڈیالئی کے علاقہ ہاشم کور، کسوڑئی اوردانشکول میں انتخابی جلسوں سے خطاب کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوامی اور غریبوں کی پارٹی ہے جس نے ہمیشہ غریب عوام کو ریلیف دیا ہے اور عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے عملی اقدامات پر یقین رکھتے ہیں۔

اور یہی وجہ ہے کہ عوام پی پی پی سے مطمئن ہے۔ انہوں نے کہا کہ قبائلی عوام کو حق بالغ رائے دہی دینا، قبائلی علاقوں میں سیاسی آزادی اور بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے قبائلی علاقوں میں لاکھوں خواتین معاشی طور پر مستحکم کئے ہیں،یہ پی پی پی کے ایسے بڑے کارنامے ہیں جس کو قبائلی عوام تا دم مرگ یاد رکھیں گے۔ پاکستان پیپلز پارٹی نے جمہوریت کے بقاء کیلئے ہمیشہ قربانی دی ہے۔

اورجمہوری نظام کو مضبوط کرنے کیلئے پی پی پی کے قائدین نے خون کی قربانی دیگر ملک میں جمہوریت کو پروان چڑھایا ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز پی پی پی کے تحصیل صافی جلسے سے پارٹی کے چیئر میں بلاول بھٹو زرداری ہولو گرام کے ذریعے خطاب سے یہ بات ثابت ہوئی ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی قبائلی عوام اور خاص کر مہمند قوم سے بے پناہ محبت رکھتی ہے۔ ہم اُن کی مخلصانہ محبت اور اس اقدام کا شکریہ ادا کرتے ہیں، اس موقع پر سینکڑوں کی تعداد میں لوگوں نے پی پی پی میں شمولیت کا اعلان کیا اور آنے والے الیکشن میں ہر قسم کے تعائون کی یقین دہانی کرائی۔