آئی جی پنجاب کی ہدایات پر سیف سٹی اتھارٹی کا غیر رجسٹرڈ بڑی گاڑیوں اور موٹر سائیکلز کے خلاف کریک ڈاؤن

مشکوک نمبر پلیٹ یا کاغذات نہ ہونے پر 4گاڑیاں تفتیش کے لئے مختلف تھانوں میںمنتقل‘متعدد گاڑیوں کو جرمانہ کر دیا

جمعرات جولائی 21:09

آئی جی پنجاب کی ہدایات پر سیف سٹی اتھارٹی کا غیر رجسٹرڈ بڑی گاڑیوں ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 جولائی2018ء) غیر قانونی اورسمگل شدہ گاڑیاں جعلی نمبر پلیٹ لگا کر دہشت گر دی کی کارروائیوں میں استعمال ہونے کے خدشات ہیں۔ پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی اور لاہور پولیس غیر قانونی اور بغیر نمبر پلیٹ بالخصوص لگژری گاڑیوں کے خلاف موثر کریک ڈاون یقینی بنائیں۔ ان خیالات کا اظہار انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب سید کلیم امام نے پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔

ا س موقع پر مینیجنگ ڈائریکٹر پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی ایڈیشنل آئی جی علی عامر ملک، چیف آپریٹنگ آفیسر اکبر ناصر خان، چیف ایڈمنسٹریشن آفیسر محمد کامران خان ، آپریشن کمانڈر پی پی آئی سی تھری سمیت متعلقہ افسران موجود تھے۔ اجلاس میں آئی جی پنجاب سید کلیم امام نے ہدایات جاری کیں کہ سی سی پی اولاہور اور ڈی آئی جی آپریشنز سمیت پنجاب بھر کے تمام ڈی پی اوز فوری طور غیر قانونی گاڑیوں کے خلاف کارروائی کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ غیر قانونی گاڑیاں کسی کے بھی استعمال میں ہوں ان کے خلاف کارروائی یقینی بنائی جائے اور اس کی رپورٹ فی الفور ہیڈ کوارٹر تک پہنچائی جائے۔ انسپکٹر جنرل کی ہدایات پر پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کے تحت شہر بھر میں مختلف مقامات پر مشکوک گاڑیوں کی نگرانی اور چیکنگ کا عمل مستعدی سے جاری ہے۔ سیف سٹی اتھارٹی اور لاہور پولیس نے گزشتہ رات شہر بھر میں مختلف گاڑیوں کو چیک کیا۔

مشکوک نمبر پلیٹ یا کاغذات نہ ہونے کی وجہ سے 4گاڑیوں کو مختلف تھانوں میں تفتیش کیلئے منتقل کردیا گیا۔ ان گاڑیوں میں 1بی ایم ڈبلیو، 1مرسڈیذ،1آڈی اور 1مہران شامل ہیں۔ اس کے علاوہ دیگر کئی گاڑیوں پر جرمانے بھی عائد کیے گئے ہیں۔ پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی اور لاہور پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کہیں بھی غیر قانونی یاجعلی نمبر پلیٹ والی گاڑی یا موٹر سائیکل دیکھیں تواس کی اطلاع فوراًً 15 ایمرجنسی ہیلپ لائن پر دیں تاکہ شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جاسکے۔