مالدیپ میں پاکستان کے پہلے مینگو فیسٹیول کا انعقاد

جمعرات 12 جولائی 2018 21:16

مالدیپ میں پاکستان کے پہلے مینگو فیسٹیول کا انعقاد
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جولائی2018ء) آل پاکستان فروٹ اینڈ ویجٹیبل ایکسپورٹرز امپورٹرز اینڈ مرچنٹس ایسوسی ایشن نے مالدیپ میں پاکستانی سفارتخانہ کے اشتراک سے پہلی مرتبہ مینگو فیسٹیول کا انعقاد کیا ۔ مالدیپ کے دارالحکومت مالے میں 29 اور 30 جون 2018ء کو ہونے والے مینگو فیسٹیول میں پاکستان کی بہترین ورائٹیز چونسا، سندھڑی اور سنہرا آم کی نمائش کی گئی۔

فیسٹیول کے مہمان خصوصی اسٹیٹ ٹریڈ آرگنائزیشن کے سابق ایم ڈی اور پے اینڈ پینشن کے موجودہ سی ای او محمد مانک تھے جبکہ مالدیپ کے نمایاں تاجروں، حکومتی افسران اور چیدہ شخصیات نے بھی فیسٹیول میں شرکت کی۔ افتتاحی تقریب سے خطاب میں پاکستانی سفیر وائس ایڈمرل (ر) وسیم اکرم نے کہا کہ پاکستان بہترین کوالٹی کا آم پیدا کرنے والے ملکوں میں سرفہرست ہے جو دنیا کے پانچ جغرافیائی خطوں کے ممالک کو ایکسپورٹ کیا جاتا ہے اور دنیا بھر میں لاکھوں افراد پاکستانی آم کی خوشبو اور ذائقے کے دلداح ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مالدیپ اور پاکستان کے درمیان باہمی تجارت کے فروغ کے لیے بے حد امکانات موجود ہیں بالخصوص دونوں ملکوں میں تازہ پھل اور سبزیوں کی تجارت بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی محمد مانک نے کہا کہ پاکستان اور مالدیپ کے درمیان تجارتی روابط کو مضبوط بنان وقت کی ضرورت ہے اس سلسلے میں مینگو فیسٹیول کا انعقاد پاکستانی ایکسپورٹرز کو مالدیپ کے تاجروں کے ساتھ رابطہ استوار کرنے کا بہترین موقع ہے۔

پی ایف وی اے کے چیئرمین اسلم پکھالی نے اختتامی کلمات میں کہا کہ پاکستانی آم بہترین ذائقے اور خوشبو کے ساتھ بین الاقوامی معیار پر بھی پورا اترتے ہیں بالخصوص امریکا اور یورپی یونین کے معیار سے متعلق کڑے تقاضوں کو پورا کرتے ہیں۔ انہوں نے چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ کی افادیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس منصوبہ سے پاکستان اور مالدیپ کے درمیان تجارت بڑھانے کے سنہری مواقع مہیا ہوں گے۔

مینگو فیسٹیول کے دوران موسیقی کے مظاہرے کا بھی اہتمام کیا گیا اسکول کے طلباء نے دونوں ملکوں کے ترانے پیش کیے۔ اس موقع پر علی عبدالکریم نے بھی اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ فیسٹیول کے پہلے روز مالدیپ میں پاکستانی سفیر نے پاکستانی وفد کے اعزاز میں عشائیہ کا اہتمام کیا جس میں پی ایف وی اے کے چیئرمین اسلم پکھالی، سعید خان، کاشف جمشید، عظٰیم حسن، محمد ناظم اور مالدیپ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے محمد عائش، بزنس ڈیولپمنٹ منیجر حسن سعید اور صدر کے سیاسی مشیر احمد سعید نے شرکت کی۔

پاکستانی وفد نے فیسٹیول کے دوسرے روز مالدیپ کے بڑے کاروباری گروپ یونائیٹڈ فوڈ سپلائرز کے کولڈ اسٹوریج کا بھی دورہ کیا۔ مالدیپ میں پاکستان کے پہلے مینگو فیسٹیول بھرپور کامیاب رہا ، فیسٹیول کی تشہیر مقامی اخبارات کے علاوہ ہینڈ بلز اور سوشل میڈیا کے ذریعے بھی کی گئی جس کی وجہ سے سیکڑوں کی تعداد میں مالدیپ کے عوام اور دیگر ملکو ں کے تارکین سمیت سرکاری حخام، تاجر، سیاحوں اور فیملیز سمیت بچوں اور نوجوانوں کی بڑی تعداد نے فیسٹیل میں شرکت کی ۔

مہمانوں کی تواضح آم اور مینگو شیک سے کی گئی اور نمایاں مہمانوں کو تحائف پیش کیے گئے۔آل پاکستان فروٹ اینڈ ویجیٹبل ایکسپورٹرز، امپورٹرز اینڈ مرچنٹس ایسوسی ایشن نے فیسٹیول کے لیے ایک ہزار کلو گرام آم مہیا کیے جبکہ آم کے پچاس ڈبہ بطور تحفہ بھی فراہم کیے۔ پاکستانی سفارتخانے نے فیسٹیول کو بھرپور بنانے کے لیے موثر انتظامات کیے مالدیپ کے میڈیا نے فیسٹیول کو بھرپور کوریج دی جبکہ سرکاری ٹی وی پر افتتاحی تقریب نشر کی گئی۔