پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس سیف کا ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پٹرول کی پہلی تعیناتی کے سلسلے میں جدہ اسلامک پورٹ کا دورہ

کمانڈنگ آفیسر پی این ایس سیف کیپٹن شاہد واصف کی رائل سعودی نیول فورسز کے سینئر حکام سے ملاقاتیں، چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا

جمعرات 12 جولائی 2018 21:41

پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس سیف کا ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پٹرول کی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جولائی2018ء) پاک بحریہ کا جہاز پی این ایس سیف نے ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پٹرول کی پہلی تعیناتی کے سلسلے میں جدہ اسلامک پورٹ(سعودی عرب)کا دورہ کیا۔ ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پٹرول کا مقصد اہم بحری مقامات اور راہداریوں پر میری ٹائم سکیورٹی اور قومی جہاز رانی کے تحفظ کے حوالے سے بین الاقوامی ذمہ داریوں کو ادا کرنا اور کھلے سمندروں میں جہازوں کی آزادانہ آمدو رفت کو یقینی بنانا ہے۔

پی این ایس سیف پاکستان نیوی فلیٹ میں شامل صف اول کاڈیسٹرایئر اور سورڈ کلاس فریگیٹ سلسلے کا تیسرا جہاز ہے جس میں جدید ہتھیار اور سینسرز نصب ہیں۔ یہ جہاز ہر قسم کے خطرات کے ماحول میں مختلف میری ٹائم آپریشنز کرنے کی صلاحیت کا حامل ہے۔

(جاری ہے)

پی این ایس سیف پر پاکستان نیوی کا 222 ایوی ایشن اسکواڈرن میں شامل Z9-ECاینٹی سب میرین وارفیئر (ASW)ہیلی کاپٹربھی موجود ہے۔

بندرگاہ پر قیام کے دوران پی این ایس سیف کے کمانڈنگ آفیسر کیپٹن شاہد واصف نے رائل سعودی نیول فورسز کے سینئر حکام سے ملاقاتیں کیں جن میں ویسٹرن فلیٹ کمانڈر ریئر ایڈمرل حامد بن بخیت الجاحنی اور دیگر اعلیٰ فوجی حکام شامل ہیں۔ ملاقاتوں کے دوران کمانڈنگ افسر پی این ایس سیف نے سعودی عرب کی عوام کو بالعموم اور رائل سعودی نیول فورسز کے افسروں اور جوانوں کو بالخصوص چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔

جدہ میں چار روزہ قیام کے دوران جہاز کے عملے نے رائل سعودی نیول فورسز کی مختلف تربیتی سہولیات کا دورہ کیا جس میں مدرستہ الحریق( Damage control and fire fighting school) کا دورہ بھی شامل ہے۔ سعودی عرب میں پاکستان کے سفیروائس ایڈمرل (ریٹائرڈ) خان ہشام بن صدیق اور رائل سعودی نیول فورسز کے افسروں اور جوانوں نے بھی پی این ایس سیف کا دورہ کیا۔ رائل سعودی نیول فورسز کے حکام اور سفارتکاروں کے اعزاز میں جہاز پر عشائیے کا اہتمام بھی کیا گیا۔

پاک بحریہ کے ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پیٹرولز کے تحت پی این ایس سیف کو پہلی مرتبہ خلیج ِ عدن اور جنوبی بحر احمر میں تعنات کیا گیا۔ ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پٹرولز کا فیصلہ اقوامِ متحدہ کی قرار دادوں اور اقوامِ متحدہ کی سمندری قوانین کی روشنی میں کیا گیا۔ جس کا مقصد بحر ی دہشت گردی اور بحری قزاقی سے قومی اور بین الاقوامی جہاز رانی کو محفوظ بنایا جائے اور منشیات ، اسلحہ اور انسانی سمگلنگ کی روک تھام کی جائے ۔

دہشت گردی اور بحری قذاقی سے نمنٹنے کیلئے پاک بحریہ ہمیشہ پر عزم اور صف ِ اول پر رہی ہے۔ ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پٹرولز کے ذریعے پاک بحریہ خطے میںمحفوظ میری ٹائم ماحول کو یقینی بنانے کے علاوہ عالمی برادری میں پاکستان کے بہترین تشخص کو اُجاگر کرنے اورقوم کو عصر ِ ِ حاضر سے ہم آہنگ اور ترقی کے سفر پر گامزن قوم کے طور پر روشناس کروانے میں مدد ثابت ہوگی۔