آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کاپشاور کا دورہ ، اے این پی کے رہنماء ہارون بلور کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت

جمعرات 12 جولائی 2018 21:41

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کاپشاور کا دورہ ، اے این پی کے رہنماء ..
راولپنڈی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جولائی2018ء) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے ہارون بلور کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت کے لئے پشاور کا دورہ کیا ۔آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل قمرجاوید باجوہ نے خودکش حملے میں شہید ہونے والے عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما ہارون بلور کے اہلخانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نفرت و انتشار پھیلانے والوں کے خلاف ہم بلا امتیاز متحد کھڑے ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ بلور فیملی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھرپور عزم سے ڈٹی رہی اور اس نے عظیم قربانیاں دیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم امن کے پر آزمائش سفر میں طویل فاصلہ طے کرچکے ہیں، انشاء اللہ منزل اب زیادہ دور نہیں۔ آرمی چیف پشاور میں ہارون بلور کی رہائش گاہ پہنچے تو ان کے ہمراہ کور کمانڈر پشاور لیفٹننٹ جنرل نذیر احمد بٹ اور ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور بھی ہمراہ تھے۔