ریٹرنگ افسران کی سکیورٹی میں اضافے کی ہدایت

جمعرات 12 جولائی 2018 21:47

ڈی آئی خان ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جولائی2018ء) ڈسٹرکٹ ریٹرنگ آفیسر / ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ڈیرہ حیات گل مہمند کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ سیشن کورٹ کے کانفرنس ہال میں عام انتخابات کے دوران سیکورٹی انتظامات کے حوالے اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں حلقہ این اے 38 ڈیرہ ون کے ریٹرنگ آفسیر ایڈیشنل سیشن جج ڈیرہ سید عارف شاہ ،حلقہ این 39 ڈیرہ ٹو کے ریٹرنگ آفیسر شاکر اللہ خان اورصوبائی حلقوں کے ریٹرنگ افسران کے علاوہ ڈپٹی کمشنر ڈیرہ نعمان افضل آفریدی ،ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈیرہ ظہور بابرآفریدی اور دس سے زائد پاک فوج کے الیکشن انچارج میجر ،کیپٹن اور لیفٹنینٹ رینگ کے افسران نے خصوصی شرکت کی ۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ ریٹرنگ آفیسر حیات گل مہمند نے ڈی پی او ڈیرہ کوہدایات جاری کیں کہ انتخابات کی آمد قریب ہونے کے باعث ریٹرنگ افسران کی سیکورٹی ناکافی ہے جس میں فوری طور پر اضافہ کیاجائے ۔

(جاری ہے)

انہیں اضافی اور فول پروف سیکورٹی مہیا کی جائے تاکہ انہیں کسی بھی وقت کسی پولنگ سٹیشن پر آنے جانے میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ اجلاس کے دوران پولنگ سٹیشنز کی سیکورٹی ،پولنگ میٹریل اور پولنگ سٹاف کو پولنگ سٹیشنز تک پہنچانے کے لئے سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیاگیا۔

پولنگ سٹاف اور میڑیل کے آمدورفت کے لئے درکار چھ سو سے زائد گاڑیوں کے انتظامات اور ان کی سیکورٹی کے حوالے سے انتظامات کا بھی جائزہ لیاگیا۔ اس سلسلے میں مختلف ٹیمیں تشکیل دی گئیں جوکہ آپس میں طریقہ کار طے کریں گے۔اس موقع پر شرکاء نے اپنے ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔