قوم کی دولت کی واپسی تک کرپشن کیخلاف جہادجاری رہے گا، پرویزخٹک

جمعرات جولائی 21:51

قوم کی دولت کی واپسی تک کرپشن کیخلاف جہادجاری رہے گا، پرویزخٹک
نوشہرہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 جولائی2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما سابق وزیر اعلیٰ امیدوار حلقہ این اے 25 اور حلقہ پی کے 61-64 پرویز خا ن خٹک نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کرپشن کے خلاف جو جہاد شروع کیاوہ اس وقت تک جاری رہے گا جب تک ملک کی ایک ایک پائی واپس وطن نہ لائی جا تی ۔ الیکشن کے دن قریب آتے ہی تحریک انصاف پر عوام کا اعتماد بڑھتا جارہا ہے۔

عوام اور نوجوانوں کے جوش وجذبے سے اندازہ لگتا ہے کہ وہ تحریک انصاف اور عمران خان کو دل وجان سے چاہتے ہیں۔عوام اور جنون کا جذبہ دیکھ کر لگتا ہے کہ اس ملک سے کرپٹ اورمفاد پرست سیاست دانوں کا ہمیشہ ہمیشہ کے لیے خاتمہ ہوجائے گا۔ مخالفین اس خوش فہمی میں نہ رہیں کہ وہ تحریک انصاف کو شکست دیں گے شکست مخالفین کامقدر ہے ان کی ضمانتیں بھی ضبط ہوں گی۔

جیت صرف اور صرف تحریک انصاف ہی کی ہوگی وہ مانکی شریف کے علاقوں صدو خیل ، کنہ خیل، عشہ خیل، پلوسئی، کٹی خیل، تنگی خٹک، سپین کانے گل ڈھیری، منائی، مسکین آباد پیر سباق میںجلسوں سے خطاب کررہے تھے۔ پرویز خان خٹک نے کہا کہ پاکستان کو درپیش خطرات اور چیلنجوں سے نمٹنے اور دیگر قومی مسائل کا حل صرف ایماندار قیادت سے ممکن ہے ۔اب تک اس ملک کو لوٹا جاتا ر ہا جس کا خمیازہ غریب عوام کو بھگتنا پڑا۔

عمران خان کی صورت میں پاکستانی قوم کوبہترین لیڈر ملا ہے۔ عوام کے پاس 2018 کے انتخابات میں عمران خان کو وزیراعظم منتخب کرنے کا سنہری موقع ہے کیونکہ وہ ملک کے مسائل حل کرنے اور ملک کا لوٹا ہوا خزانہ واپس لانے کی بھرپور صلاحیت ر کھتے ہیں ۔ قوم یہ موقع ضائع نہ ہونے دے ۔ اب تبدیلی کی ہوا چل پڑی ہے پرویز خان خٹک نے کہاکہ اب اسلام ، روٹی ، کپڑا ، مکان اور پختون کے نعروں سے عوام کو دھوکہ نہیں دیا جا سکتا ۔

پی ٹی آئی نوجوانوں کی جماعت ہے جو تبدیلی کے کارواں کا ہراول دستہ ہیں ۔ اسلئے پی ٹی آئی کا مقابلہ کوئی بھی سیاسی جماعت نہیں کرسکتی ۔انھوں نے کہا کہ افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ پہلے ترقی کے نام پر اربوں روپے کہاں غائب ہوجاتے تھے کرپٹ سیاست دان باریوں سے لوٹ مار کرتے رہے اور عوام بھی ان کے ہاتھوں اپنے استحصال کا تماشہ دیکھنے پر مجبور تھے۔

انہیں عوام کی جان و مال کی کوئی فکر نہیں تھی صرف حرام دولت کمانا ان کا ایمان تھا۔ انھوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے منشور کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت نے پانچ سال میں ہر شعبے میں تبدیلی کی دیرپا بنیادیں رکھ دی ہیں۔ سرکاری سکولوں میں پرائمری کی سطح پر انگلش میڈیم کا اجراء کرکے امیر اور غریب کا امتیاز ختم کردیاہے ۔ اب غریب بھی تمام شعبوں میں امیر کا مقابلہ کرے گا یہی وہ تبدیلی ہے جس کا ہم نے عوام سے وعدہ کیا تھا ۔

انھوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے صرف پانچ سالوں میں اس تعداد کو بڑھا کر ساڑھے آٹھ ہزار کردیا جبکہ اس مختصر عرصے میں 75000 نئے اساتذہ میرٹ پر بھرتی کئے گئے۔ یہ تبدیلی نہیں تو کیا ہے ۔ اسی طرح پولیس سے سیاسی مداخلت ختم کی ، سفارش کلچر کا خاتمہ کیا ، میرٹ پر بھرتیاں کی گئیں ۔ انھوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی صوبائی حکومت کی انہی اقدامات کو دیکھتے ہوئے عوام اور نوجوان تحریک انصاف کو2018 کے عام انتخابات میںکامیاب کروا کر تبدیلی کاسفرجاری رکھیںگے۔ نہ صرف چاروںصوبوں بلکہ وفاق میں تحریک انصاف اکیلے حکومت بنائے گی۔ اور عمران خان ہی اس ملک کے وزیر اعظم ہوں گے۔

Your Thoughts and Comments