پاکستانی ٹیم درست سمت میں گامزن اور ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پہلی پوزیشن برقرار رکھنا بہت بڑی کامیابی ہے، معین خان

جمعرات 12 جولائی 2018 22:02

پاکستانی ٹیم درست سمت میں گامزن اور ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پہلی پوزیشن ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 جولائی2018ء) قومی ٹیم کے سابق وکٹ کیپر بلے باز اور کپتان معین خان نے کہا ہے کہ پاکستانی ٹیم درست سمت میں گامزن اور ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پہلی پوزیشن برقرار رکھنا بہت بڑی کامیابی ہے۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سرفراز احمد گزشتہ دو سال سے گرین شرٹس کو بہترین انداز سے لے کر چل رہے ہیں اورہیڈ کوچ مکی آرتھر نے بھی ٹیم کو متحد کر دیا ہے ۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ احمد شہزاد اور عمر اکمل با صلاحیت ہیں اور انہیں ڈسپلن کی خلاف ورزی پر سزا ملے گی تو وہ ٹھیک ہوجائیں گے۔قومی ٹیم کے سابق کپتان کا مزید کہنا تھا کہ احمد شہزاد اور عمر اکمل کو وہ سمجھاتے رہے کہ انہیں اپنے کھیل پر توجہ دینی ہوگی اور شاندار کارکردگی سے ناقدین کے منہ بند کرنا ہوں گے لیکن ان دونوں کھلاڑیوں کو ان کی بات سمجھ نہیں آئی حالانکہ دونوں پاکستان کرکٹ کے لیے فائدہ مند ثابت ہوسکتے ہیں اور ان کی حرکتوں کو کوئی بھی اچھا نہیں سمجھتا ہے ۔

(جاری ہے)

معین خان کے مطابق سرفراز احمد بطور کپتان بہترین ثابت ہوئے اور وقت گزرنے کے ساتھ ان کی قائدانہ صلاحیتوں میں مزید بہتری آئے گی۔ پاکستان کے لیی69ٹیسٹ اور219ون ڈے میچز کھیلنے والے سابق کپتان کا کہنا ہے کہ پی سی بی نے پاکستان کرکٹ کی بہتری کیلئے جو اہداف مقرر کئے ، وہ مرحلہ وار پورے ہورہے ہیں۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ پاک بھارت کرکٹ اہمیت کی حامل ہے مگرافسوس ناک بات ہے کہ روایتی حریفوں کے درمیان کرکٹ بحال نہیں ہور ہی۔

بھارتی کرکٹ بورڈ بھی اپنی حکومت کے سامنے بے بس ہے تاہم شائقین دو طرفہ کرکٹ کی بحالی چاہتے ہیں۔یاد رہے کہ پاکستان کے کپتان سرفراز احمد کی قیادت میں پاکستان نے گزشتہ سال اوول میں بھارت کو آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی فائنل میں بڑے مارجن سے آٹ کلاس کیا تھا۔لیکن آئی سی سی ایونٹس کے علاوہ دونوں ملکوں کے درمیان کوئی میچ نہیں ہورہا ہے۔