لوگوں پر دبائو اور میڈیا بلیک آئوٹ پر ہمیں تشویش ہے، شیری رحمان

ہماری قیادت کے خلاف سیاسی کیس بنایا جا رہا ہے، چیف الیکشن کمشنر کے ساتھ ملاقات میں یہ معاملہ اٹھائیں گے، ہم ڈرنے والے اور پیچھے ہٹنے والے نہیں ،نکتہ اعتراض پر اظہار خیال

جمعرات 12 جولائی 2018 23:32

لوگوں پر دبائو اور میڈیا بلیک آئوٹ پر ہمیں تشویش ہے، شیری رحمان
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 جولائی2018ء) سینیٹ میں قائد حزب اختلاف شیری رحمان نے کہا ہے کہ لوگوں پر دبائو اور میڈیا بلیک آئوٹ پر ہمیں تشویش ہے، ہماری قیادت کے خلاف سیاسی کیس بنایا جا رہا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر کے ساتھ ملاقات میں یہ معاملہ اٹھائیں گے، ہم ڈرنے والے اور پیچھے ہٹنے والے نہیں ہیں۔ جمعرات کو ایوان بالا میں نکتہ اعتراض پر انہوں نے کہا کہ صحافیوں نے ڈان اخبار کی تقسیم میں تعطل کے حوالے سے پریس گیلری سے واک آئوٹ کیا ہے، اے پی این ایس، سی پی این ای اور پی ایف یو جے نے بھی اس پر احتجاج کیا ہے۔

(جاری ہے)

میڈیا سینسر شپ پر ہمیں تشویش ہے جو پورے انتخابی ماحول کو متاثر کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا بھی میڈیا بلیک آئوٹ تشویش ناک امر ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی رہنمائوں کو سیکورٹی فراہم کرنا نگران حکومت اور الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔ 2013 میں بھی اے این پی اور پیپلز پارٹی جیسی ترقی پسند جماعتوں کے ساتھ ایسا ہی ہوا تھا، کیا 2018 میں کیا ترقی پسند جماعتوں کے خلاف نئی آئی جے آئی بنائی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ڈرنے والے اور پیچھے ہٹنے والے نہیں ہیں۔ کالے شیشے والی گاڑیاں ہمارا پیچھا کرتی ہیں۔