ڈیموں کی تعمیر فنڈ میں سردار گروپ آف کمپنیز کی طرف سے 2کروڑ روپے کی خطیر رقم کا اعلان

پانی کی قلت کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے پوری قوم چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان جسٹس نثار ثاقب کے ہم آواز ہے‘ سردار تنویر الیاس

جمعرات 12 جولائی 2018 23:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جولائی2018ء) پنجاب کے نگراں وزیر خوراک و زراعت ، منصوبہ بندی و ترقیات سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ پانی کی قلت کے چیلنج سے نمٹنے کے لئے پوری قوم چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان جسٹس نثار ثاقب کے ہم آواز ہے اور ان کے قومی جذبے کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہوئے ملک میں آبی وسائل کی تعمیر کے منصوبوں میں عملی طور پر اپنا حصہ ڈال کر ڈیموں کی جلدتعمیر یقینی بنانے کے لئے دامے ، درمے اور سخنے قدم بہ قدم ان کا بھرپور ساتھ دے گی ۔

انہوں نے ڈیموں کی تعمیر فنڈ میں سردار گروپ آف کمپنیز کی طرس سے 2کروڑ روپے کی خطیر رقم کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ایثار اور قربانی میں پاکستانی قوم کا کوئی ثانی ہیںاور انشاء اللہ قوم اپنا پیٹ کاٹ کر آنے والی نسلوںکے خوشحال مستقبل ، سرزمین پاکستان کو سر سبزو شاداب رکھنے اور جنگلات کی دولت سے مالا مال کرنے کے لئے ماحولیاتی تحفظ کے منصوبوں کو ہنگامی بنیادوں پر پائیہ تکمیل تک پہنچائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس امر کا اعلان اسلام آباد میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی نگراں وزیر سردار تنویر الیاس خان نے کہاکہ بھارتی آبی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے اور پاکستان میں پانی کی ایک ایک بوندکو ضائع ہونے سے بچانے اور بہترین منصوبہ بندی کے ساتھ استعمال میں لانے کے لئے ضروری ہے کہ ملک میں فوری طور پر واٹر ایمرجنسی نافذ کی جائے ، ماہرین ماحولیاتی کی مشاورت سے پانی کے ذخائر تعمیر کرنے ، جنگلات سے موسمی تغیرات کو موافق بنانے اور عوامی سطح پر پانی کے باکفایت استعمال کے رجحان کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ پانی کے ضائع کی روک تھام کے لئے مربوط حکمت عملی اختیار کی جائے اور پانی کے وسائل کو ترقی دینے کے منصوبے تیار کئے جائیں تاکہ مستقبل میں ہمیں قلت آپ کے سنگین مسئلے سے دوچار نہ ہونا پڑے۔

سردار تنویر الیاس خان نے کہاکہ اس میں کوئی بعید نہیں کہ مستقبل میں پانی کے مسئلے پر جنگیں ہوسکتی ہیں اور اس وقت ملکی سطح پر ہمیں پانی کے جو وسائل میسر ہیں وہ بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش نظر انتہائی قلیل ہیں اور یہ امر ناگزیر ہے کہ ہم پانی کے وسائل کو ترقی دینے کے لئے ساز گار ماحول فراہم کریں اور یہ اسی صور ت ممکن ہے جب وطن عزیز کے ہر گوشے کو سر سبز و شاداب کیا جائے تاکہ بارش برسانے والے درخت موسمی حدت میں کمی لا کرماحولیاتی انحطاط سے ہونے والے نقصان کو کم سے کم کر سکیں۔

صوبائی نگراں وزیر خوراک و زراعت ، منصوبہ بندی و ترقیات سردار تنویر الیاس خان نے چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان جسٹس نثار ثاقب کو یقین دلایا کہ انہوں نے جس کام کا بیڑھ اٹھایا ہے اس کی تکمیل وہ ہر پلیٹ فارم پر جدو جہد کرکے اس نیک مقصد کے لئے خاطر خواہ فنڈز جمع کریں گے اور آبی ذخائر کی تعمیربھرپورانداز میں فنڈ ریزنگ مہم جاری رکھیں گے۔

انہوں نے کہاکہ ملک کی بقاء ، ترقی اور خوشحالی کے لئے لازم ہے کہ موسمی تغیرات کے خطرات کا سد باب کیا جائے اور کرہ ارض کو ماحولیاتی کثافتوں سے پاک کرنے کے لئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔ سردار تنویر الیاس خان نے کہاکہ پانی کی کمی سے مستقبل میں ہمیں فوڈ سکیورٹی کے خطرات کا بھی سامنا ہو سکتا ہے جس کے لئے ابھی سے پیش بندی کی ضرورت ہے اور ایسی جدید زرعی ٹیکنالوجی متعارف کرانے کی اشد ضرورت ہے جس سے کم پانی سے زیادہ پیداوار حاصل ہو اور زیر زمین پانی کی کمی سے زمین کی پیداواری صلاحیت متاثر نہ ہو۔

انہوں نے کہاکہ ملک میں زرعی اجناس کی پیداوار بڑھانے اور قومی ضروریات پوری کرنے کے لئے ہمیں زرعی شعبے کی ترقی دینے اور موسمی حالات کو ساز گار بنانے کے لئے سخت جدو جہد کی ضرورت ہے اور یہ مقاصد اسی وقت حاصل ہو سکتے ہیں جب پوری قوم یک جان ہو کر ملک کی پانی کے بحران سے نجات دلانے میںاپنا کردار ادا کریں۔