پیمر انے الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کے منافی سیاسی جماعتوں کے اشتہارات پر 22ٹی وی چینلز کو اظہار وجوہ کے نوٹسز جاری کر دئیے

جمعرات جولائی 23:53

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 جولائی2018ء) پاکستان الیکٹر ونک میڈیاریگولیٹری اتھارٹی(پیمرا)نے الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کے منافی سیاسی جماعتوں کے اشتہارات پر 22ٹی وی چینلز کو اظہار وجوہ کے نوٹسز جاری کر دئیے ہیں ۔ چینلز کو پی ٹی آئی اور مسلم لیگ(ن) کی الیکشن مہم کیلئے نازیبا الفاظ پر مبنی اشتہاری مہم نشر کرنے پر نوٹس جاری کئے گئے۔

جمعرات کو پیمرا نے چیف الیکشن کمیشنرسے ملاقات کے بعد 22ٹی وی چینلز کو اظہار وجوہ کے نوٹسز جاری کیے ہیں، الیکشن کمیشن نے چیئرمین پیمرا سے بعض سیاسی جماعتوں کی اشتہاری مہم پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے ان تمام ٹی وی چینلز کیخلاف فوری کاروائی کرنے کی ہدایت کی یہ اشتہارات الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاف 2018کے منافی ہیں۔

(جاری ہے)

لہذا ان احکامات پر عمل درآمد کرتے ہوئے پیمرا نے سماء ٹی وی ، سیون نیوز، بول نیوز، دن نیوز ، ، نیوزون ، سچ ٹی وی، چینل 24، 92نیوز، آج نیوز ، اے پلس ، اے آروائے ڈیجیٹل ، اے آروائے نیوز، اے دی ٹی خیبر، پبلک نیوز، رائل نیوز ، ، ٹی وی ون ، اردو ون، ہم نیوز اور دیگر کو نوٹسز جاری کیے ہیں۔

تمام چینلز پی ٹی آئی اور پاکستان مسلم لیگ(ن) کی الیکشن 2018کیلئے نازیبا الفاظ پر مبنی اشتہاری مہم نشر کررہے ہیں۔ پیمرا نے تمام ٹی وی چینلز کو واضح احکامات جاری کیے ہیں کہ ان تمام اشتہارات کو فوری بند کیا جائے اور مناسب ترامیم کے بعد نشر کیا جائے تاکہ الیکشن کمیشن اور پیمرا کے جاری کردہ ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

مزیدبرآں چیف الیکشن کے احکامات کے مطابق تمام ٹی وی چینلز کو مورخہ یکم جون 2018سے اشتہاری مہم سے حاصل شدہ آمدنی کے تفصیل اور دورانئے سے متعلق تفصیلات تین یوم تک پیمرا کو ارسال کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ مجوزہ تفصیلات موصول ہونے کے بعد الیکشن کمیشن کو مزید کاروائی کیلئے ارسال کردی جائیں گی۔ مجوزہ تفصیلات موصول نہ ہونے کی صورت میں الیکشن کمیشن کاروائی کا آغاز کرے گا۔