چیف آف آرمی اسٹاف کی ہدایت پر پاک افغان سرحدی دور افتادہ علاقے کلی بٹو میں پہلے اسکول اور واٹر فلٹریشن پلانٹ کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا

جمعرات 12 جولائی 2018 23:58

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جولائی2018ء) چیف آف آرمی اسٹاف کی ہدایت پر پاک افغان سرحدی دور افتادہ علاقے کلی بٹو میں آئی جی ایف سی نے پہلے اسکول اور واٹر فلٹریشن پلانٹ کا سنگ بنیاد رکھا ،تفصیلات کے مطابق آئی جی ایف سی میجر جنرل ندیم احمد انجم نے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ہدایات پر پاک افغان سرحدی علاقے کلی بٹومیں پہلے اسکول اور واٹر فلٹریشن پلانٹ کا سنگ بنیاد رکھا ،تقریب میں قبائلی عمائدین سول انتظامیہ اور عوام نے کثیر تعداد میں شرکت کی ،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی ایف سی میجر جنرل ندیم انجم نے کہاکہ حکومت فوج اور ایف سی کی اولین ترجیح بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی ہے ،امن وامان کی بحالی ،تعلیمی ترقی اور بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے علاوہ پینے کے صاف پانی کی فراہمی ایف سی کی ترجیحات میں شامل ہیں ،انہوں نے کہاکہ ایف سی بلوچستان کیلئے صوبے کے عوام ہی خواص اور توجہ کا مرکز ہے ،بلوچستان کے عوام ایف سی کیلئے اہم اور قیمتی اثاثہ ہے ،انہوں نے کہاکہ فرنٹیئر کور بلوچستان صوبے کی ترقی اور امن وخوشحالی کیلئے صوبائی حکومت کے شانہ بشانہ ہر ممکن تعاون اور مثبت کردار بخوشی ادا کرتی رہے گی کیونکہ پر امن ،ترقی یافتہ اور خوشحا ل بلوچستان ہی ہماری منزل ہے اور اس مقصد کے حصول کیلئے نوجوان نسل محنت اور کردار سازی سے صوبے کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالیں ،واضح رہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کچھ عرصہ قبل پنجپائی کے علاقے کڑم میں پاک افغان سرحدی باڑ کا افتتاح کرتے ہوئے اہلیان پنجپائی کی درخواست پر عہد کیا کہ تھا کہ تحصیل پنجپائی کو بھی صوبے کے دیگر علاقوں کی طرح زندگی کی بنیادی سہولیات سے نوازا جائیگا ،اسی عہد کے سلسلے کی پہلی کڑی کے طورپر فرنٹیئر کور بلوچستان نے تحصیل پنجپائی کے دور دراز پسماندہ علاقے کڑم میں تعلیم کے فروغ کیلئے اسکول اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے واٹر فلٹریشن پلانٹ کا سنگ بنیاد رکھتے ہوئے تعمیراتی کام شروع کیا،مزید برآں فرنٹیئر کور بلوچستان عوام کی خدمت کو عبادت تصور کرتے ہوئے صوبے بھر میں تعلیمی ترقی کیلئے نوے سے زائد اسکول اور ہاسٹلز جبکہ طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے ہر ضلع میں میڈیکل سینٹر اور سالانہ اوسطاً سے زائد فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کرتی ہے ،اسکے علاوہ صوبے کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں نادار اورضرورت مند افراد میں مفت راشن کی تقسیم بھی ایف سی بلوچستان کے سر ہے ،تقریب کے آخر میں قبائلی عمائدین اور عوام نے آئی جی ایف سی میجر جنرل ندیم احمد انجم کا شکریہ اداکرتے ہوئے ملکی سالمیت اور استحکام کیلئے ہرممکن تعاون کا یقین دلایا ۔