انتخابی عمل میں عوام کی بھرپور شرکت کو یقینی بنانے کیلئے نگران حکومت امن و امان کے قیام پر توجہ مرکوز کرے ، آفتاب احمد شیرپائو

جمعرات 12 جولائی 2018 23:59

صوابی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 جولائی2018ء) قومی وطن پارٹی کے مرکزی چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپائو نے شفاف انتخابات کے انعقاد کیلئے پر امن ماحول کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ انتخابی عمل میں عوام کی بھرپور شرکت کو یقینی بنانے کیلئے نگران حکومت اپنی تمام تر توجہ امن و امان کے قیام پر مرکوز کرے ۔ان خیالات کا اظہارانھوں نے جلسئی ضلع صوابی میں انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر قومی وطن پارٹی کے مرکزی و صوبائی قائدین ،ضلعی عہدیدار اور ضلع کے مختلف حلقوں کیلئے پارٹی کے نامزد امیدوار بھی موجود تھے۔آفتاب شیرپائو نے نگران حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ بد امنی کی کیفیت کو دور کرنے اوربہتر سیکورٹی انتظامات کی فراہمی کی یقین دہانی کیلئے اپنا کردار ادا کرے تاکہ آنے والے انتخابات میں عوام کی بھاری اکثریت اپنی حق رائے دہی کا پر امن طریقے استعمال کر سکے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ ہمارا خطہ موجودہ حالات میں نازک صورتحال سے گزر رہا ہے اور یہاں کے باسیوں کو مختلف چیلنجز کا سامنا ہے جس سے نمٹنے کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو سیاست سے بالا تر ہوکر خطہ پر پائیدار امن کے قیام اور عوامی مفاد کیلئے سوچنا ہو گا۔انھوں نے کہا کہ فاٹا کا خیبر پختونخوا کے ساتھ انضمام کے بعد ہمارا صوبہ ملک کا دوسرا بڑا صوبہ بن گیا ہے اور اس سے پختونوں کا اپنے حقوق کیلئے ایک پلیٹ فارم پر یکجا ہو کر ان کی آوازکو بھی تقویت ملی۔

انھوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی پہلے کی طرح پختونوں کو متحد کرنے کیلئے اپنا کردار دا کریگی اور ہم چاہتے ہیں کہ پختون اپنے حقوق کیلئے ایک پلیٹ فارم پر اکھٹے ہوں تاکہ وہ مرکزی سطح پر ایک موثر آواز بن کر اپنے حقوق کی دفاع کرسکے۔انھوں نے صوبہ میں جاری ناروا بجلی کی لوڈشیڈنگ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا صوبہ اپنی ضرورت سے زیادہ بجلی پیدا کرتا ہے لیکن پھر بھی ان کی حقوق کی پامالی کی جار ہی ہے اور ان کو ان کے حصے کی بجلی سے بھی محروم رکھا جارہا ہے جوکہ کھلی آنکھ میں دھول جھونکنے کے مترادف ہے۔

انھوں نے کہا کہ پختونوں کے ساتھ کوئی بھی ناروا سلوک اور ناانصافی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور اگر ایسا کیا گیا تو قومی وطن پارٹی اس کی خاطر کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔انھوں نے کہا کہ پختون قوم آنے والے انتخابات میں اپنے لئے باشعور ،دانشمند اور دوراندیش قیادت کا انتخاب کرے تاکہ وہ صحیح معنوں میں ان کے مسائل کو سمجھ کر ان کے مشکلات کو دور کرنے سمیت ان کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنائے۔