عوامی نیشنل پارٹی کسی صورت میدان نہیں چھوڑے گی، شاہی سید

جمعرات 12 جولائی 2018 23:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 جولائی2018ء) عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے صدر شاہی سید نے کہا ہے کہ عوامی نیشنل پارٹی کسی صورت میدان نہیں چھوڑے گی اس سے پہلے بھی اے این پی نے سخت ترین مصائب اور کڑے وقت کا سامنا کیا ہے اور آئندہ بھی ہر قسم کے چیلنجز اور مشکلات کا سامنا کرنے کیلئے تیار ہیں، عوامی نیشنل پارٹی ایک فکری اور نظریاتی جماعت ہے جس کی تاریخ ایک صدی سے زائد عرصہ پر محیط ہے ، پورے ملک میں عوامی نیشنل پارٹی کے ایک ہزار سے زائد کارکنان دہشتگردی اور انتہا پسندی کے خلاف آواز اٹھانے کی پاداش میں شہید ہوچکے ہیں شہادت ہماری وراثت ہے اور اب بھی ہمیں خطرات اورمشکلات کا سامنا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے باچا خان مرکز میں گزشتہ روزپشاور کے علاقے یکہ توت میں خود کش دھماکے کے نتیجے میں شہید ہونے والے ہارون بلور و دیگر کارکنان کی نماز جنازہ میں شرکت کرنے کے بعد سانحہ یکہ توت کے شہداء کی یاد میں باچا خان مرکز میں منعقدہ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس سے قبل شہداء کی یاد میں قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیااور شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے اجتماعی دعا کی گئی، اس موقع پر شاہی سید نے مزید کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی پہلے سے زیادہ مؤثر انداز میں انتخابی مہم چلائے گی ، سانحہ یکہ توت کے سوگ میں ہم نے دو روزہ سوگ کا اعلان کیا تھا ، بدھ اور جمعرات کو ہم نے اپنی تمام تنظیمی سرگرمیاں معطل رکھی تھیں، انشاء اللہ تعالیٰ آج سے ہم دوبارہ اپنی انتخابی سرگرمیاں کا بھرپور آغاز کریں گے پہلے سے زیادہ بہتر طریقے سے انتخابی رابطہ مہم چلائیں گے،جو کچھ بلور فیملی کے ساتھ ہوا وہ کسی قیامت سے کم نہیں ہمیں خوفزدہ کرنے والے شہید ہارون بلور کے بیٹے دانیال بلورکی ہمت ،بہاردی اور حوصلہ دیکھ لیں،دانیال بلور کا حوصلہ دیکھ کر ہمارا یقین پختہ ہوگیا ہے کہ ہمیں دنیا کی کوئی طاقت خوفزدہ نہیں کرسکتی، اپنی جدو جہد اور قربانیاں لے کر قوم کے پاس جا رہے ہیں اب فیصلہ قوم نے کرنا ہے کہ انھیں ملّا فضل اللہ کا پاکستان چاہیئے یا افضل خان لالا کا،قوم کو حکیم اللہ محسود کا پاکستان چاہیئے یا بشیر احمد بلور کا ، قوم کو عمر خالد خراسانی کا پاکستان چاہیئے یا شہید ہارون بلور کا۔

(جاری ہے)

عوامی نیشنل پارٹی نسل در نسل وابستگی رکھنے والوں کی جماعت ہے ہم کسی صورت خوفزدہ نہیں ہوئے،عوامی نیشنل پارٹی شہر کے مسائل کے حل کیلئے بھرپور انداز میں آواز اٹھائے گی،اے این پی کے تمام امیدوارکل سے بھرپور انداز میں انتخابی مہم شروع کریں گے